پاکستان نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا
7 مارچ 2018خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستانی فوج کی طرف سے منگل چھ مارچ کو رات دیر گئے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا یہ ڈرون پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی علاقے میں جاسوسی میں مصروف تھا۔ بیان کے مطابق اس ڈرون کو لائن آف کنٹرول کے قریب چِرکوٹ نامی گاؤں کے قریب مار گرایا گیا اور پاکستانی فوج نے اس کا ملبہ اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔
پاکستانی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایک برس کے دوران یہ چوتھا بھارتی ڈرون ہے جسے پاکستانی علاقے میں مار گرایا گیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس حوالے سے بھارت کی طرف سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
کشمیر کا خطہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تقسیم ہے اور یہ دونوں ممالک اس پورے خطے پر اپنا حق جتاتے ہیں۔ 1947ء میں برصغیر کی تقسیم کے بعد وجود میں آنے والے بھارت اور پاکستان کشمیر کے معاملے پر اب تک دو جنگیں بھی لڑ چکے ہیں۔ حالیہ چند ماہ کے دوران دونوں ممالک کے زیر انتظام کشمیر کے حصوں کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلے کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں فوجی اور سویلین ہلاکتیں ہوئیں۔