پاکستان کی طرف سے ماحول دوست توانائی کا عزم
23 اپریل 2021واشنگٹن میں منعقدہ ایک عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں پاکستان کی طرف سے یہ یقین دہانی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تیل اور ڈیزل پر چلنے والی 30 فیصد گاڑیوں کو بھی بجلی اور بیٹری پر منتقل کر دے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وعدے کے صرف ایک دن بعد جمعرات کو وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ایک نئے تھرمل پاور پلانٹ کا اعلان کیا، جو وفاق، پنجاب حکومت اور نجی سرماکاروں کے تعاون سے بنایا جائے گا۔
پاکستان میں توانائی کے لیے زیادہ تر انحصار آبی ذرائع کےعلاوہ تیل کی درآمد اور قدرتی گیس پر کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں چین کے تعاون سے کوئلے پر چلنے والے پاور پلانٹ اور ایٹمی بجلی گھروں کو بھی فروغ دیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ہوا اور سورج سے بجلی پیدا کرنے کے طریقے ماحولیاتی اعتبار سے سب سے زیادہ بہتر ہیں لیکن پاکستان میں وِنڈ سے صرف تین اعشاریہ انسٹھ فیصد اور شمسی توانائی سے صرف ایک اعشاریہ سولہ فیصد بجلی پیدا کی جاتی ہے۔
غیر حقیقت پسندانہ اہداف
ماضی کی حکومتوں کے مقابلے میں پی ٹی آئی حکومت کو ماحولیاتی تحفظ کے میدان میں زیادہ سرگرم سمجھا جاتا ہے۔ مبصرین کی نظر میں دوسری وزارتوں کے برعکس ماحولیات کی وزارت میں ملک امین اسلم کی کارکردگی نسبتا بہتر رہی ہے۔ تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ نو برس میں ماحول دوست ذرائع سے 60 فیصد توانائی حاصل کرنے کا ہدف غیر حقیقت پسندانہ ہے۔
اسلام آباد میں قائم نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز سے وابستہ ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عارف محمود کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ حقیقت پر مبنی نہیں۔
’’سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ یہ کیسے کریں گے کیونکہ اگر آپ بڑے پیمانے پر بجلی پیدا کرنے کے لیے شمسی توانائی کی طرف جاتے ہیں تو اس کا انفراسٹرکچر ملک میں موجود نہیں ہے۔ اور اگر آپ اس کی درآمد کرتے ہیں تو یہ بجلی بہت مہنگی پڑے گی۔ پانی سے بجلی پیدا کرنے کے بہت سارے مسائل ہیں۔ صوبوں میں آپس میں اختلافات ہیں۔ خشک موسم میں پانی بہت کم ہو جاتا ہے اور ہر سال کم ہوتا جارہا ہے۔ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں پانی کی ممکنہ طور پہ شدید قلت ہوگی۔‘‘
ان کا کہنا ہے کہ ایک اور مسئلہ یہ ہے کہ جب آپ پانی کے پروجیکٹس بناتے ہیں تو اس میں وقت بہت لگتا ہے اور جگہ ڈھونڈنی پڑتی ہے جبکہ تھرمل انرجی کے پروجیکٹ میں وقت نہیں لگتا اور وہ قابل اعتبار ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، ''ان تمام عوامل کی روشنی میں میرے خیال میں یہ ممکن نہیں کے آپ اتنی آسانی سے ساٹھ فی صد کی شرح پر پہنچ جائیں کیونکہ اس میں بہت سارے تیکنیکی مسائل ہیں۔‘‘
خطیر سرمائے کا سوال
ماضی میں وزارت ماحولیات سے وابستہ رہنے والی غزالہ رضا کا خیال ہے کہ اتنے کم وقت میں اتنا بڑا ہدف حاصل کرنا آسان نہیں ہوگا۔
انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "حکومت نے حال ہی میں سی پیک کے تحت تھرمل انرجی پیدا کرنے کے لیے پلانٹ لگائے ہیں۔ان پلانٹس کی مدت کئی سالوں پر محیط ہوتی ہے۔ بعض تیس سے پینتیس سال کے لیے بھی ہوتے ہیں اور خطیر سرمایہ لگتا ہے۔ تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ حکومت نو سال میں ان سارے پروجیکٹس کو ختم کیسے کرسکتی ہے۔ اس لیے میرے خیال میں اتنے کم وقت میں یہ ہدف حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
سب کچھ ممکن ہے
بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر سے تعلق رکھنے والے ماحولیاتی ماہر عبدالرحیم کا کہنا ہے کہ پاکستان یقینا متبادل انرجی کی طرف جا سکتا ہے اور ساٹھ فیصد سے بھی زیادہ توانائی ماحول دوست طریقوں سے حاصل کرسکتا ہے۔
انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، "ہم نے متبادل توانائی کے تجربات سندھ اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں کیے ہیں اور یہ کامیاب رہے۔ بلوچستان میں بھی بڑے پیمانے پر لوگ اپنی ضرورت کے لیے شمسی توانائی استعمال کر رہے ہیں۔ شمسی توانائی کو پورے پاکستان میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن اس کے لیے حکومتی تعاون بہت ضروری ہے کیونکہ ملک میں تیل کے کاروبار سے وابستہ لابی بہت طاقتور ہے۔‘‘
طاقتورلابیاں
اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے تجزیہ نگار عامر حسین مانتے ہیں کہ طاقتور لابیاں بڑی رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''نہ صرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا میں تیل کی انڈسٹری بہت مضبوط ہے۔ پھر ہمیں جو پاور پلانٹس لگانے ہوتے ہیں اس کے لیے ہمیں پیسہ چاہیے ہوتا ہے۔ وہ پیسہ کسی ملک یا کسی ادارے سے آرہا ہوتا ہے اور بہت سارے معاملات میں وہ ملک یہ طے کرتا ہے کہ پاور پروجیکٹ کس نوعیت کا ہوگا۔ جیسے چین نے ہم سے معاہدہ کرتے وقت کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے پلانٹس لگائے۔ اگر ہم چین سے قرضہ نہیں لے رہے ہوتے تو ہم یہ کہہ سکتے تھے کہ ہمیں کوئلے سے بجلی نہیں چاہیے بلکہ صاف طریقے سے چاہیے لیکن کیونکہ چین قرضہ دے رہا تھا اس لیے ہمیں ان کی ماننی پڑی۔‘‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ طاقتور لوگوں کا کاروبار بھی بجلی پیدا کرنے کے ایسے طریقوں سے جڑا ہوا ہے جس سے ماحولیات کا جنازہ نکل رہا ہے۔
اہداف حاصل کریں گے
تاہم حکومت کا دعویٰ ہے کہ وہ اس ٹارگٹ کو حاصل کرلے گی۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی محمد اقبال خان کا کہنا ہے کہ حکومت ماحولیات کے حوالے سے بہت کام کر رہی ہے۔
انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ''ہم نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے کچھ منصوبے بند کیے ہیں۔ حکومت کی طرف سے اُن سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جو متبادل تونائی میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ دس ارب درختوں کا بھی پروگرام بنایا ہے اور ہم الیکٹرک کاریں بھی لا رہے ہیں۔ اسی طرح شمسی توانائی، ونڈ انرجی اور دوسرے متبادل ذرائع سے بھی بجلی پیدا کرنے کی حاصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ تو ہمیں امید ہے کہ ہم اس ٹارگٹ کو حاصل کرلیں گے۔‘‘