پاکستانی سینیٹ کے الیکشن: ن لیگ کے زیادہ امیدوار کامیاب ہوئے
3 مارچ 2018عبوری غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پندرہ امیدوار کامیاب ہو کر سینیٹ میں پہنچے ہیں۔ اس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے بارہ امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چھ امیدواروں کو فتح ملی۔
سینیٹ الیکشن کے نتائج کی تفصیلات:
وفاقی دارالحکومت اور فاٹا
اسلام آباد سے سینیٹ کی دونوں سیٹوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مشاہد حسین سید اور اسد جونیجو کامیاب ہوئے۔ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں سے کامیابی چار آزاد امیدواروں کو ملی۔
پاکستان ميں سينيٹ انتخابات، ووٹنگ مکمل
’مسلمان اور پاکستانی شناخت کو چھپانا نہيں چاہتے‘
پاکستانی الیکشن کمیشن کا ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے انکار
کلثوم نواز کی جیت۔۔ مختلف شہروں میں جشن
پنجاب
پاکستان کے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں بارہ اراکین سینیٹ کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔ کامیاب ہونے والے گیارہ سینیٹرز کا تعلق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ بارہویں سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے چوہدری محمد سرور ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد کامیاب ٹھہرے۔
خیبر پختونخوا
شمال مغربی سرحدی صوبے خیبر پختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے پانچ، پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دو دو جبکہ جمعیت علمائے اسلام (فضل الرحمٰن گروپ) اور جماعت اسلامی کا ایک ایک امیدوار منتخب ہوا۔ پاکستان تحریک انصاف نے مولانا سمیع الحق کی حمایت کی تھی لیکن وہ منتخب نہ ہو سکے۔ انہیں صرف تین ووٹ ملے۔
سندھ
صوبہ سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں دس جبکہ ایم کیو ایم اور پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کو ایک ایک سیٹ ملی ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے بیرسٹر فروغ نسیم جنرل سیٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں میں رضا ربانی اور مولا بخش چانڈیو بھی شامل ہیں۔ فنکشنل مسلم لیگ کی طرف سے مظفر حسین شاہ کامیاب ہوئے۔ ایک اہم پیش رفت اقلیتی نشست پر کامیاب ہونے والی کرشنا کوہلی ہیں، جو پاکستانی ہندوؤں کی دلت برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی سینیٹر بن گئی ہیں۔
بلوچستان
رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑے پاکستانی صوبے بلوچستان میں آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے اور ایسے چھ امیدوار سینیٹرز بن گئے۔ نیشنل پارٹی اور پختون خوا ملی عوامی پارٹی کو دو دو نشستیں ملیں۔ گیارہواں سینیٹر جمعیت علمائے اسلام کا منتخب ہوا۔