پنجابی طالبان ہتھیار پھینکنے پر تیار
14 ستمبر 2014ممنوعہ تنظیم تحریک پاکستان طالبان پنجاب کے سربراہ عصمت اللہ معاویہ کی طرف سے ہفتے کے دن جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مذہبی اسکالرز کے ساتھ مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرتشدد کارروائیاں ترک کر دی جانا چاہیے۔ پنجابی طالبان کے رہنما نے مزید کہا کہ مسلح جدوجہد درست راستہ نہیں ہے۔
پاکستان میں تحریک طالبان میں درجن بھر سے زائد مختلف گروہ شامل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ان شدت پسند گروہوں کی مختلف کارروائیوں میں تقریبا گزشتہ ایک دہائی کے دوران پچاس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پنجابی طالبان کے اس تازہ اعلان پر ابھی تک حکومت پاکستان یا طالبان کی مرکزی کمیٹی کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
عصمت اللہ معاویہ نے کہا ہے کہ اس کا گروہ اب ہتھیار ڈالتے ہوئے ملک میں اسلامی قوانین کے نفاذ کے لیے پر امن راستے اختیار کرے گا، جن میں ’تبلیغ‘ اور فلاحی کام سرفہرست ہوں گے۔ اس جنگجو رہنما نے تحریک طالبان پاکستان کے دیگر دھڑوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ ہتھیار پھینکتے ہوئے اپنے مقاصد کے حصول کے لیے پر امن راستہ اختیار کریں۔
اس گروہ کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک پمفلٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’اسلام اور پاکستان‘ کے مفادات کے لیے یہ فیصلہ ضروری ہے تاکہ علاقائی سطح پر ابھرنے والی سازشوں کو ناکام بنایا جا سکے۔ ناقدین کے خیال میں پنجاب کے طالبان کی طرف سے تشدد کا راستہ ترک کرنا تحریک طالبان پاکستان کے لیے ایک بڑا دھچکا ہو سکتا ہے کیونکہ جنگجوؤں کا یہ اتحاد پہلے ہی اختلافات کا شکار ہوتے ہوئے کمزور ہو چکا ہے۔
قبل ازیں ہفتے کے دن ہی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ہوئے ایک بم دھماکے میں تین افراد ہلاک جبکہ سولہ زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اس حملے میں نیم فوجی دستوں کی ایک گاڑٰی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم اس کارروائی میں متاثر ہونے والے زیادہ تر عام شہری ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان میں دو شہری اور ایک فوجی تھا۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔