چیمپیئنز لیگ: بائرن میونخ نے مانچسٹر سٹی کو ہرا دیا
28 ستمبر 2011یورپی فٹ بال کلبوں کے چیمپیئنز لیگ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں جرمن شہر میونخ میں کھیلے گئے اس میچ میں جرمن فٹ بال کلب بائرن میونخ کی جانب سے دونوں گول ماریو گومیز نے کیے۔ انہوں نے پہلا گول میچ کے اڑتیسویں جبکہ دوسرا پینتالیسویں منٹ میں کیا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔
اس فتح کے بعد بائرن میونخ گروپ اے میں نہایت اچھی پوزیشن میں آ چکا ہے۔ دو میچوں میں فتح کے بعد بائرن میونخ کے پوائنٹس چھ ہو گئے ہیں۔ گروپ اے میں ناپولی کے چار پوائنٹس جبکہ سٹی کا ایک ہے۔
بائرن میونخ کے کوچ اس فتح کے بعد خاصے پر عزم ہیں۔ ان کی ٹیم نہ صرف یہ کہ چیمپیئنز لیگ میں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے بلکہ جرمن فٹ بال لیگ، بنڈس لیگا میں بھی وہ سر فہرست ہے۔ بائرن میونخ کے ساتھ کھیلے گئے گزشتہ دس میچوں میں کوئی بھی ٹیم اس ٹیم کے خلاف گول نہیں کر سکی ہے۔
دوسری جانب مانچسٹر سٹی کے کوچ مینسینی کا کہنا ہے کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر ارجنٹائن کے نامور کھلاڑی ٹیویز کا کلب میں کیریئر ان کے نزدیک ’ختم ہو گیا ہے‘۔ ان کا کہنا ہے کہ میچ کے دوسرے حصے میں انہوں نے ٹیویز کو بطور متبادل جب میدان میں اترنے کے لیے کہا تو انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ خیال رہے کہ ٹیویز پچھلے میچ میں بھی متبادل کے طور پر ٹیم کا حصہ تھے اور ان کو میچ میں نہیں اتارا گیا تھا۔ ٹیویز مانچسٹر سٹی کو خیرباد کہنے کی پہلے ہی کوششیں کر چکے ہیں، تاہم کسی اور کلب میں اب تک ان کا تبادلہ نہیں کیا جا سکا ہے۔ سٹی کے کوچ کا کہنا تھا کہ وہ ٹیویز کے رویے کے بارے میں کلب کے چیئرمین کو رپورٹ کریں گے۔
رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے
ادارت: افسر اعوان