چین تائیوان دوستی کی علامت، پانڈا کا چودہ سال بعد انتقال
19 نومبر 2022چین کی طرف سے 14 سال قبل تائیوان کو تحفے میں دیا گیا پانڈا ہفتے کی صبح انتقال کر گیا۔ یہ پانڈا بیجنگ کی طرف سے اس وقت تائیوان کے ساتھ تعلقات میں گرمجوشی کی علامت کے طور پر تائی پے کے حوالے کیا گیا تھا۔ توآن توآن نامی اس پانڈا اور افزائش نسل کے لیے اس کی ساتھی یوآن یوآن کو بیجنگ نے 2008ء کے آخر میں تائیوان کو دیا تھا۔
جرمنی کے چڑیا گھرکا ایک سرخ پانڈا لاپتہ
چین تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے، اور بیجنگ اس عزم کا اظہار کر چکا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو وہ بزور طاقت اس خود مختار جمہوری جزیرے کو واپس اپنی سرزمین میں ضم کر لے گا۔
تائی پے کے چڑیا گھر نے ایک مختصر بیان میں کہا، "ہماری طبی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ توآن توآن کا دل دھڑکنا بند ہو گیا تھا۔‘‘ ڈاکٹروں نے 18 سالہ پانڈا کو پہلی بار اگست میں بیمار پایا تھا، جب اسے دورے پڑنے لگے تھے اور وہ تیزی سے غیر مستحکم اور سست دکھائی دیتا تھا۔
برلن کے جڑواں پانڈا بھائیوں کے لیے پہلی سالگرہ پر سرخ آئس کیک
اس کے طبی معائنوں سے پتہ چلا کہ اس کے دماغ میں زخم تھا اور اس کے بعد اسے دوروں سے بچاؤ والی دوائی دی گئی تھی۔چڑیا گھر کو شبہ تھا کہ توآن توآن کو برین ٹیومر ہے اور اسے گزشتہ ماہ فالج کی دیکھ بھال کے شعبے میں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔تاہم چند روز قبل یہ دورے پہلے سے زیادہ شدت کے ساتھ واپس آگئے تھے، اور دوائی بھی ان کی علامات کو کم نہیں کر سکتی تھی۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر توآن توآن کے انتقال پر سوگ کا اظہار کیا، جب کہ تائی پے کے میئر کو وین-جے نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں "تائیوان کے لوگوں کے لیے خوشی لانے اور تائی پے چڑیا گھر کو مزید شاندار بنانے" کے لیے پانڈا کا شکریہ ادا کیا۔
پانڈوں کا جوڑا
پانڈوں کے اس جوڑے کے ناموں کا مشترکہ مطلب "دوبارہ اتحاد" یا "اتحاد‘‘ ہے، تحفے میں ملنے کے بعد سے تائیوان میں یہ دونوں بہت بڑے اسٹار بن گئے تھے، اور اسی دوران یوآن یوآن نے دو مادہ بچوں کو بھی جنم دیا۔ چین نے طویل عرصے سے "پانڈا ڈپلومیسی" اپنا رکھی ہے، اور توآن توآن اور یوآن یوآن کا تحفہ اس وقت کے بیجنگ کے دوست تائیوانی رہنما ما ینگ جیو کی صدارت کی توثیق کے لیے ایک اقدام تھا۔
نایاب پانڈا کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش، برلن میں خوشی
بیجنگ صرف غیر ملکی چڑیا گھروں کو پانڈوں کو ادھار کے طور پر دیتا ہے، جنہیں عام طور پر وہ ملک اپنے ہاں پانڈا کی افزائش کے پروگرام میں شمولیت کے لیے لیتے ہیں۔ تاہم پانڈا جوڑے کے ہاں بچوں کی پیدائش کے چند سالوں کے اندر کسی بھی اولاد کو واپس کرنا پڑتا ہے۔
لیکن تائیوان کو سن 2000 کی دہائی کے آخر میں چین کی طرف سے شروع کی گئی ایک مختصر پالیسی کے حصے کے طور پر ایک استثناء دیا گیا تھا، اور اسے پانڈوں کا جوڑا اور ان کی اولاد مکمل طور پر تحفے میں دی گئی تھی ۔
چین اور تائیوان کے درمیان تعلقات سن 2016 میں اس وقت سے کشیدگی کا شکار ہوئے جب بیجنگ نے تائیون کے ساتھ سرکاری رابطے اور دو طرفہ سرکاری دوروں کو ختم کر دیا تھا۔
ش ر، ع آ (اے ایف پی)