70 لاکھ ویکسین مارچ تک پاکستان پہنچ جائیں گی، پاکستانی وزیر
31 جنوری 2021پاکستانی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ہفتہ 30 جنوری کی شب ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ایک خصوصی ہوائی جہاز چین بھیجا جا رہا ہے جو چینی ویکسین سینوفارم کی پانچ لاکھ خوراکیں لائے گا۔ یہ ویکسین طبی سہولیات فراہم کرنے والے ڈھائی لاکھ سے چار لاکھ تک کارکنوں کو لگائی جا سکے گی۔
امید کی جا رہی ہے کہ چین 220 ملین آبادی والے اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کو سینوفارم ویکسین کی مزید ایک ملین خوراکیں بطور امداد فراہم کرے گا۔
پاکستان کے نصف عوام کورونا ویکیسن لگوانا ہی نہیں چاہتے، سروے
کورونا وائرس، پاکستان بارہ لاکھ ویکسین خوراکیں خریدے گا
کورونا وائرس، پاکستان کی امیدیں چینی ویکسین سے وابستہ
آسٹرا زینیکا کی کُل 17 ملین خوراکیں
اسد عمر کے مطابق پاکستان کو عالمی ادارہ صحت کے پروگرام 'کو ویکس‘ کی جانب سے آسٹرا زینیکا نامی کورونا کے بچاؤ کی ویکسین کی کُل 17 ملین خوراکیں ملیں گی جن میں سے سات ملین مارچ تک پاکستان پہنچ جائیں گی جبکہ بقیہ 10 ملین خوراکیں رواں برس کی دوسری ششماہی میں پاکستان کو ملے گیں۔
عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کم آمدنی والے ممالک کی مدد کے لیے ویکسین کی تقسیم کے پروگرام 'کو ویکس‘ میں پاکستان نے گزشتہ برس شمولیت اختیار کی تھی۔
پاکستان میں آسٹرا زینیکا اور چینی سینوفارم ویکسین کے استعمال کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ امید ہے کہ ملک میں روسی ویکسین سپٹنِک فائیو کے استعمال کی اجازت بھی دے دی جائے گی۔
ویکسین لگنے کا عمل نئے ہفتے سے شروع
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا ہے کہ پاکستان میں ویکسین لگانے کا عمل نئے ہفتے میں ہی شروع ہو جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے سبب 34 مزید افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ اسی دوران کورونا وائرس سے متاثرہ 1,599 نئے کیسز بھی سامنے آئے۔ کورونا کی وبا کے آغاز سے اب تک پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 544,813 رپورٹ کی گئی ہے جبکہ کووڈ انیس کے سبب اب تک ہونے والی اموات کی تعداد 11,657 ہے۔
ا ب ا / ع ت (روئٹرز، اے ایف پی)